کوکٹ پلی میں کے ٹی آر کے ہاتھوں کئی کاموں کا آغاز

   

غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات حوالہ کئے
حیدرآباد ۔ /14 نومبر (این ایس ایس) وزیر بلدی نظم و نسق اور آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ اور وزیر لیبر ملاریڈی نے آج یہاں کوکٹ پلی سگمنٹ میں چٹاراماں بستی میں دو بیڈروم ہاوزنگ یونٹس کا افتتاح کیا ۔ میئر بی رام موہن ، مقامی رکن اسمبلی کرشنا راؤ اور عہدیداروں کے ہمراہ ان وزراء نے غریبوں کیلئے 108 مکانات کا آغاز کیا ۔ حکومت نے ان مکانات کی تعمیر کیلئے تقریباً 9.34 کروڑ روپئے صرف کئے ہیں ۔ ان وزراء نے رسمی طور پر ان مکانات کو لانچ کیا اور اس کے استفادہ کنندگان کو ملکیت کے دستاویزات اور کنجیاں حوالہ کئے ۔ یہ مکانات غریبوں کیلئے مفت دیئے گئے ۔ حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی کے دورہ کے دوران راماراؤ نے کیٹلاپور میں 83 کروڑ روپئے تخمینہ لاگت کے ایک روڈ اوور برج کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ ایک اسپورٹس کامپلکس اور ایک فش مارکٹ کا افتتاح کیا ۔ وزیر موصوف کے اس دورہ کا آغاز ایپا سوسائیٹی میں گائیتری نگر میں انڈور شٹل کورٹ کے افتتاح کے ساتھ ہوا ۔ جی ایچ ایم سی نے 86 لاکھ روپئے کی لاگت سے اس شٹل کورٹ کی تعمیر کی ہے ۔ اس کے بعد VI فیز ، کے پی ایچ بی کالونی میں ایک منی انڈور اسٹیڈیم کا افتتاح کیا گیا ۔ یہ منی انڈور اسٹیڈیم میں چار شٹل کورٹس اور ایک سوئمنگ پول ہے ۔ جی ایچ ایم سی نے 5.65 کروڑ روپئے لاگت سے اس فیسلیٹی کی تعمیر کی ہے ۔ وزیر موصوف نے کے پی ایچ بی کالونی میں راجیو سرکل کے قریب ایک عصری ، انٹگریٹیڈ ہول سیل فش مارکٹ کا بھی افتتاح کیا جسے 2.78 کروڑ روپئے مصارف سے تعمیر کیا گیا اور اس میں 91 فش اسٹالس ہیں ۔