حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہاؤزنگ بورڈ کو کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی میں 7.8 ایکر رہائشی اراضی کے ای آکشن سے 547 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ گودریج پراپرٹیز کمپنی نے سب سے زیادہ فی ایکر 70 کروڑ روپئے کی بولی دی تھی ۔ دیگر بولی دہندگان میں آروبندو ریالیٹی کمپنی ، پریسٹیج اسٹیٹ اور اشوکا بلڈرس شامل ہیں۔ ریاستی حکومت نے اس رقم کو اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کے نائب صدرنشین وی پی گوتم کے مطابق بورڈ کو 30 جولائی کو منعقدہ کمرشیل اراضی کے ہراج میں فی ایکر 65.3 کروڑ حاصل ہوئے تھے۔ایک ماہ کے عرصہ میں اراضی بالخصوص رہائشی اراضی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ ہاؤزنگ بورڈ نے 40 کروڑ فی ایکر کی رقم مقرر کی تھی اور گودریج پراپرٹیز نے 70 کروڑ کی بولی لگائی ۔ کمپنی کی جانب سے کوکا پیٹ میں اسکائی کرائپر تعمیر کی جارہی ہے اور وہ نئی حاصل کردہ اراضی پر بڑے پراجکٹ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ہاؤزنگ بورڈ نے 7.8 ایکر اراضی کے ہراج کیلئے نوٹیفکیشن گزشتہ ماہ جاری کیا تھا ۔ اسی دوران حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں 2 سال کے وقفہ کے بعد 93 اوپن پلاٹس کے ہراج کا فیصلہ کیا ہے۔ تین روزہ ای آکشن 17 ، 18 اور 19 ستمبر کو ہوگا۔70 پلاٹس باچو پلی ایچ ایم ڈی اے لے آؤٹ کے تحت ہیں جبکہ 12 پلاٹس ترکا یمجال میں ہیں۔ کوکا پیٹ ، اپولا گوڑہ ، چندا نگر اور بیراگی گوڑہ میں بھی پلاٹس موجود ہیں۔ عہدیداروں نے ہراج کیلئے 1.75 لاکھ روپئے فی مربع گز قیمت طئے کی ہے۔ کامیاب بولی دہندگان کو اندرون ایک ہفتہ 25 فیصد رقم ادا کرنی ہوگی۔ 1