کوکہ پیٹ اراضیات اسکام کی سی بی آئی سے شکایت کرنے کا فیصلہ

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ تحریک میں شامل افراد کے ساتھ کانگریس کا کام کرنے کا فیصلہ ، گاندھی بھون میں اہم قائدین کا اجلاس

حیدرآباد ۔ 24 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے کوکہ پیٹ اراضیات کے ہراج میں ہوئی بدعنوانیوں کی سی بی آئی سے شکایت کرنے کے علاوہ حکومت کی تمام بدعنوانیوں کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ کانگریس پولیٹیکل افیرس کمیٹی کا آج ایک ہنگامی اجلاس گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں اے آئی سی سی انچارج سکریٹری سرنیواسن کرشنن صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی، کانگریس فلور لیڈر ملوہٹی وکرامارک تشہیری کمیٹی کے صدر نشین مدھوگوڑ یشکی، کنوینر سید عظمت اللہ حسین، الیکشن مینیجمنٹ کمیٹی کے صدر نشین دامودھر راج نرسمہا، تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹس انجن کمار یادو، جگاریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں کوکہ پیٹ اراضیات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بدعنوانیوں کے خلاف وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ کے علاوہ سی بی آئی سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اسرائیلی سافٹ ویر کے ذریعہ ٹیلی فون کی ٹیاپنگ کا جائزہ لیا گیا اور سال 2019 کے انتخابات میں پیگاسس کے ذریعہ فون ٹیاپنگ کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ عوامی مسائل پر کانگریس کی جانب سے کئے جانے والے جمہوری احتجاج پر پولیس کی جانب سے حد سے زیادہ جوش کا مظاہرہ کرنے کی مذمت کی گئی۔ پولیس کے اس رویے کے خلاف ڈی جی پی اور انسانی حقوق کمیشن سے نمائندگی کرنے کے علاوہ قانونی جنگ لڑنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ الیکشن مینیجمنٹ کمیٹی کے صدر نشین سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا منگل کو اسمبلی حلقہ حضور آباد کا دورہ کرتے ہوئے مقامی کانگریس قائدین سے ملاقات کرکے ضمنی انتخابات کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ مستعفی آئی پی ایس آفیسر پروین کمار کانگریس کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے تو ان کا شاندار طریقہ سے خیر مقدم کیا جائے گا۔ یہی نہیں تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے پروفیسر کودانڈارام، سی سدھاکر، انقلابی شاعر غدر، وملا اکا کے علاوہ دوسری تنظیموں کے ساتھ کام کرنے کے لئے کانگریس پارٹی پوری طرح تیار ہے۔ تمام جماعتوں کو یہ تاثر دیا گیا کہ کے سی آر کے خلاف مقابلہ کرنے کے لئے کانگریس ہی بہترین پلیٹ فارم ہے۔