کوکہ پیٹ پراجکٹ ترقی کیلئے ایک رول ماڈل ہوگا

   

علاقہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے ریاستی حکومت کے بڑے منصوبے

حیدرآباد ۔ کوکہ پیٹ نیوپیالیس پراجکٹ ملک میں ترقی پر توجہ دینے کے لئے ایک رول ماڈل اور رجحان ساز پراجکٹ ہوگا۔ ریاستی حکومت نے اس علاقہ میں ترقیاتی کاموں کے لئے بڑے منصوبے بنائے ہیں اور اس علاقہ میں حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (HMDA) کی جانب سے پہلے ہی ترقیاتی کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ اس علاقہ میں کوکہ پیٹ لے آؤٹ سے آوٹر رنگ روڈ (ORR) کو مربوط کرنے والی ایک خاص سڑک، 400KV کپاسٹی کے برقی سب اسٹیشنس، پینے کے پانی کی نئی پائپ لائن، 100 فیٹ کشادہ سڑکیں، اور زیر زمین برقی کیبلس اور دیگر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے کام شروع کئے جائیں گے۔ ریاستی حکومت نے برقی سب اسٹیشنس قائم کرنے کے لئے 5.3 ایکڑ اراضی منظور کی ہے۔ اس کے علاوہ پینے کے پانی کی سربراہی سے متعلق انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کے لئے واٹر بورڈ کو 9.3 ایکڑ اراضی منظور کی ہے۔ محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے پرنسپل سکریٹری اروند کمار نے بتایا کہ کوکہ پیٹ ایچ ایم ڈی اے لے آؤٹ کو، ایک گرین فیلڈ پراجکٹ ہونے کے ناطے، انفراسٹرکچر اور پلاننگ کے اعتبار سے بہترین بتانے کا منصوبہ ہے۔ شاید یہ ملک میں ایک بہترین ٹاؤن شپ ہوگی۔ اس میں ایک اور سہولت جو بلڈرس اور ڈیولپرس کی دی گئی ہے وہ ہیکہ اس میں فلور اسپیس انڈیکس کے معاملہ میں کوئی تحدیدات نہیں ہوں گی۔ کئی بلڈرس کا خیال ہیکہ چونکہ یہ پلاٹس ریاستی حکومت کی جانب سے فروخت کئے جارہے ہیں۔ اس لئے انہیں اراضی سے متعلق قانونی امور کی کراس۔ چیکنگ کرنا نہیں ہوگا۔ حالیہ پری۔ بڈنگ میٹنگ میں شرکت کرنے والے شہر کے ایک بلڈر نے کہا کہ ’’اس پراجکٹ کا بہترین حصہ وہ اراضی ہے جس کی نشاندہی ملٹی۔ یوز زون کے طور پر کی جارہی ہے اور ہم کو تفصیلات کی کراس چیکنگ کرنا نہیں ہوگا کیونکہ اس کے لئے حکومت کی جانب سے ہراج کیا جارہا ہے۔‘‘ زمین کی اگر ملٹی۔ یوز زون کے طور پر نشاندہی کی گئی تو اسے آفیس، کمرشیل کامپلکس اور تفریحی مقاصد کے علاوہ رہائشی مقصد کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کوکہ پیٹ میں پلاٹس کا ہراج ریاستی حکومت کی جانب سے ایچ ایم ڈی اے اور تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن (TSIIC) کے ذریعہ کیا جائے گا۔ ایچ ایم ڈی اے پلاٹس کا ہراج 15 جولائی کو اور TSIIC پلاٹس کا ہراج 16 جولائی کو کیا جائے گا۔ اس میں 64.93 ایکڑ پر پھیلے ہوئے جملہ 13 لینڈ پارسیلس کا ہراج کیا جائے گا۔ ان میں 49.92 ایکڑ رقبہ کے آٹھ پلاٹس کوکہ پیٹ میں ہیں اور 15.01 ایکڑ رقبہ کے پانچ لینڈ پارسیلس خانہ میٹ میں ہیں۔ ہراج کئے جانے والے یہ تمام پلاٹس آئی ٹی کارئلور اور آؤٹر رنگ روڈ کے بھی قریب میں واقع ہیں۔