کوکین فروخت کرنے والا افریقی باشندہ گرفتار

   

حیدرآباد۔ محکمہ آبکاری کے اکسائیز انفورسمنٹ نے شہر میں کوکین فروخت کرنے والے ایک افریقی باشندہ کو گرفتارکرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سیمول اسمتھ نیلسن ساکن پیراماؤنٹ کالونی ٹولی چوکی افریقہ کے گھانا کا باشندہ ہے اور جاریہ سال اگسٹ میں اسے منشیات فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا اور وہ 12 نومبر کو جیل سے رہا ہونے کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگیا۔ اکسائیز انفورسمنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ جیل سے رہائی کے بعد اس نے اپنے ممبئی کے ایک ساتھی فلیکس سے دوبارہ رابطہ قائم کیا اور اس کی مدد سے کوکین جیسی منشیات حاصل کئے اور اسے شہر میں فروخت کرنے کی کوشش کی۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر انفورسمنٹ حکام نے بنجارہ ہلز روڈنمبر ایک پر اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور اس کے قبضہ سے 61 گرام کوکین ضبط کرلیا۔