کوہلی ،سچن اور کپل وزڈن ونڈے کھلاڑیوں میں شامل

,

   

لندن : ویراٹ کوہلی کو 2010 ء کے دہے کے وزڈن ونڈے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جبکہ انگلش آل راؤنڈر بین اسٹروک کو سال کا بہترین کھلاڑی متواتر دوسری مرتبہ منتخب کیا گیا ہے۔ 32 سالہ کوہلی جنھوں نے 2008 ء میں سری لنکا کے خلاف ونڈے کیرئیر کا آغاز کیا تھا، اُس کے بعد سے انھوں نے اب تک 254 ونڈے مقابلوں میں 12169 رنز اسکور کئے ہیں۔ 2021 ء کے ایڈیشن میں وزڈن اپنی 50 ویں سالگرہ بھی منارہی ہے۔ اِس موقع پر کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا ہے جنھیں وزڈن کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ کوہلی کے علاوہ اس فہرست میں 1990 ء کے دہے کے لئے سچن تنڈولکر کو ونڈے کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوا ہے جنھوں نے 1998 ء میں ایک کیلنڈر سال میں 9 ونڈے سنچریاں اسکور کیں جو کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے ایک سال میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ ہے۔ کپل دیو کو 80 ء کے دہے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنھوں نے 641 ٹسٹ رنز اور 58 وکٹیں ایک ہی سال میں حاصل کی تھی جو کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے بہترین مظاہرہ ہے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کے علاوہ وزڈن 2021 کے ایڈیشن میں محمد رضوان ،جیسن ہولڈر،ڈوم سیبلی،زیک کرولی اور ڈیرن اسٹیوین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔