نئی دہلی ۔3 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم نے بیٹنگ، بولنگ شعبہ میں نیوزی لینڈکو شکست دی۔ ہندوستان کی اس سیریز جیت کے بعد کئی بڑے ریکارڈ بنے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم دنیا کی پہلی ٹیم ہے جس نے پانچ میچوںکی سیریزکاکلین سوئپ کیا ہے۔ ہندوستان پہلی بار 5 میچوں کی ٹی 20 سیریزکھیل رہی تھی اور اس نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ ہندوستان نے تیسری بار بیرون ممالک میں ٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ سال 2015-16 میں آسٹریلیا دورے پر ہندوستان نے 0-3 سے ٹی 20 سیریز جیتی تھی۔ سال 2019 میں اس نے ویسٹ انڈیز کو 0-3 سے شکست دی اور اب ہندوستانی ٹیم نینیوزی لینڈکو اسی کے گھر پر0-5 سے روند دیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم دنیا کی پہلی ٹیم ہے جس نے ٹی 20 کرکٹ کے ایک اوور میں 30 سے زیادہ رن بنانے کے باوجود ہارگئی۔ پانچویں ٹی 20 میچ میں راس ٹیلر اور سفرٹ نے مل کر ہندوستانی آل راؤنڈر شیوم دوبے کے اوور میں 34 رنز بناڈالے تھے، جو کہ ہندوستان کی طرف سے ایک اوور میں سب سے خراب کارکردگی ہے۔ حالانکہ اس کے باوجود مہمان ٹیم نے یہ میچ اپنے نام کرلیا۔ کوہلی سب سے زیادہ ٹی 20 سیریز جیتنے والے کپتان بن گئے ہیں۔ 15 باہمی ٹی 20 سیریز کے بعد کوہلی نے 10 سیریز اپنے نام کی ہے۔ انہوں نے فاف ڈوپلیسی کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے 9 ٹی 20 سیریز جیتی تھی۔ مہندر سنگھ دھونی کے نام 5 ٹی 20 سیریز جیت درج ہے۔ منیش پانڈے نے مسلسل 19 ویں ٹی 20 جیت حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا ہے۔ گزشتہ 19 ٹی -20 میچوں کی بات کریں تو منیش پانڈے جب بھی ہندوستانی پلیئنگ الیون کا حصہ رہے ہیں ٹیم کو کبھی شکست سے دوچارنہیں ہونا پڑا ہے۔ کے ایل راہول نیوزی لینڈ میں مین آف دی سیریز حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی ٹی 20 کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ساتھ ہی وہ ہندوستانی ٹی 20 کرکٹ تاریخ کے پہلے وکٹ کیپر ہیں، جس نے مین آف دی سیریز کا ایوارڈ جیتا ہے۔ نیوزی لینڈ سیریز میں کے ایل راہول نے کوہلی کا بھی ریکارڈ توڑ دیا۔راہول نے نیوزی لینڈ سیریز میں 56 کی اوسط سے 224 رن بنائے۔ وہ باہمی ٹی 20 سیریز میں 200 سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے ہندوستانی بیٹسمین ہیں۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ کوہلی کے نام تھا۔