نئی دہلی، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی ویسٹ انڈیز کے دورے میں سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم تین ٹوئنٹی -20، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ کھیلنے پیر کو امریکہ اور ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہوگی۔ وراٹ ٹیم کے روانہ ہونے سے پہلے ممبئی میں شام چھ بجے پریس کانفرنس کو بھی خطاب کریں گے ۔ ہندستان کا ویسٹ انڈیز دورہ تین اگست سے تین ستمبر تک رہے گا۔ہندستان کے ویسٹ انڈیز میں دو ٹیسٹ آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کا بھی حصہ ہوں گے جس میں میچ کے نتائج کے مطابق پوائنٹس ملے گا۔ ان دو ٹسٹ میچوں میں وراٹ کے پاس دھونی سے آگے نکلنے کا موقع رہے گا۔دھونی اب تک ہندستان کے سب سے زیادہ کامیاب ٹیسٹ کپتان ہیں۔ دھونی نے اپنی کپتانی میں 60 ٹسٹ میچوں میں 27 جیتے ہیں، 18 ہارے ہیں اور 15 ڈرا رہے ہیں۔ وراٹ نے اپنی کپتانی میں 46 ٹسٹ میچوں میں 26 جیتے ہیں، 10 ہارے ہیں اور 10 ڈرا کھیلے ہیں۔ اس دورے میں دو ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں دھونی کو پیچھے چھوڑ کر ہندستان کے سب سے زیادہ کامیاب کپتان بن سکتے ہیں۔