کوہلی اور انوشکا کی خودساختہ تنہائی اختیار کرنے کی اپیل

   

نئی دہلی ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور ان کی بالی ووڈ اداکارہ بیوی انوشکا شرما نے ایک مشترکہ بیان میں عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ کوروناوائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی خاطر خودساختہ تنہائی اختیار کریں۔ کوہلی اور انوشکا نے ایک مشترکہ ویڈیو ٹوئیٹر پر جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر ایک سے اپیل کرتی ہیں کہ گھر میں رہیں۔ ان کا یہ ویڈیو وزیراعظم نریندر مودی کے اس بیان کے بعد منظرعام پر آیا ہے جس میں انہوں نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے خودساختہ تنہائی کی اپیل کی ہے۔ کوہلی نے کہا کہ ہم سبھی جانتے ہیں کہ اس وقت ہم ایک مشکل دور سے گذر رہے ہیں اور اس کوروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کا واحد طریقہ یہ ہیکہ ہم خود کو محفوظ کریں۔ دریں اثناء ان کی بیوی انوشکا نے بھی شوہر کے ساتھ اس ویڈیو میں کہا کہ ہم اپنے گھر میں رہ رہے ہیں اور سبھی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ بھی اپنے گھر میں رہتے ہوئے خود کو محفوظ کریں۔ بعدازاں انوشکا نے یہ بھی تجویز دی ہیکہ گھر میں رہنے سے ہم وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں۔