کوہلی اور ہاشم آملہ دی کرکٹر کی دہے کی بہترین ٹیم میں شامل

   

نئی دہلی ۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ چند برسوں سے کھیل کے تینوں فارمیٹس میں دبدبہ برقرار رکھنے والے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کو مشہور میگزین دی کرکٹر نے گزشتہ ایک دہائی کا بہترین کرکٹر منتخب کیا ہے۔میگزین نے گزشتہ دس سال میں بہترین کارکردگی کرنے والے 50 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی ہے جس میں مرد اورخواتین دونوں کرکٹر شامل ہیں۔ ہندوستان سے کوہلی کے علاوہ اس فہرست میں آف اسپنر روی چندرن اشون (14 ویں)، ونڈے میں تین ڈبل سنچری بنانے والے روہت شرما (15 ویں)، ورلڈ کپ فاتح کپتان مہندر سنگھ دھونی (35 ویں)، آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ (36 ویں) اور خاتون ٹیم کی کپتان متھالی راج (40 ویں) شامل ہیں۔میگزین نے کوہلی کے بارے میں لکھا ہے کہ دہائی کے بہترین کھلاڑی کے لیے ہندوستانی کپتان متفقہ انتخاب تھا۔کوہلی نے اس دہائی میں بین الاقوامی سطح پر کسی بھی دیگر کھلاڑی کے مقابلے میں سب سے زیادہ 20,960 رنز بنائے۔سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ دوسرے مقام پر ہیں لیکن انہوں نے کوہلی سے تقریبا 5000 رنزکم بنائے ہیں۔ سچن تندولکر نے اسی دہائی میں 100 سنچریوں کی تاریخ رقم اور پھر بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہا۔اس میں لکھا گیا ہے کہ تندولکر نے 2013 میں جب 100 سنچریوں کے ریکارڈ کے ساتھ سبکدوش ہوئے تو کہا جانے لگا کہ کوئی ان کی برابری نہیں کر پائے گا لیکن اب کوہلی 70 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر قابض رکی پونٹنگ سے صرف ایک سنچری پیچھے ہیں۔کوہلی نے اپنی 70 سنچریوں میں سے 69 سنچریاں 2010 سے 2019 کے درمیان بنائی ہے۔ انہوں نے اب تک کپتان کے طور پر جملہ 166 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں لیکن ذمہ داری کے ساتھ ان کی بیٹنگ میں مزید نکھار آیا کیونکہ ان میچوں میں ان کی اوسط 66.88 ہے۔ دہائی کے چوٹی کے کھلاڑیوں کی فہرست میں ٹاپ دس میں کوہلی کے بعد جیمس اینڈرسن، آسٹریلیا کی خواتین کرکٹر ایلس پیری، اسٹیو اسمتھ، ہاشم آملہ، کین ولیمسن، اے بی ڈیویلئریس ، کمار سنگاکارا، ڈیوڈ وارنر اور ڈیل اسٹین کو رکھا گیا ہے۔اشون ہندوستانیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔وہ 2010 سے لے کر 2019 تک سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر رہے۔انہوں نے ٹسٹ میچوں میں 362 اور محدود اوورز کے میچوں میں 202 وکٹ لئے ہیں۔ روہت نے اوپنر کے طور پر تینوں فارمیٹ میں خودکو ثابت کیا ہے۔
بمراہ واپسی کیلئے جلد بازی نہ کریں: گنگولی
ممبئی ۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ رانجی ٹرافی مقابلوں کے ذریعے اپنی میچ فٹنس کا ثبوت نہیں دیں گے کیونکہ انہیں بی سی سی آئی صدر سوروگنگولی نے ہدایت دی ہے کہ وہ کھیل میں واپسی کیلئے جلد بازی کے بجائے سب سے پہلے وائٹ بال کرکٹ پر توجہ دیں تاکہ ان کی فارم بحال ہو سکے۔ دریں اثناء بولنگ کوچ رانا دیپ بوس سے بدتمیزی پر فاسٹ بولر اشوک ڈینڈا کو بنگال کی ٹیم سے خارج کردیا گیا ہے۔