نئی دہلی۔3 جنوری( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی سری لنکا کے خلاف پانچ جنوری کو شروع ہو رہی تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں اپنا پہلا رن بناتے ہی روہت شرما سے آگے نکل جائیں گے۔ محدود اوورز کے ہندوستانی نائب کپتان روہت کو سری لنکا کے خلاف سیریز سے آرام دیا گیا ہے۔ ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ پانچ جنوری کو گوہاٹی میں، دوسرا میچ سات جنوری کو اندور میں اور تیسرا میچ 10 جنوری کو پونے میں کھیلا جائے گا۔ اس وقت کوہلی اور روہت بین الاقوامی ٹی 20 میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ٹی 20 میں اس وقت کوہلی اور روہت برابر ہیں۔ کوہلی نے 75 میچوں میں جہاں 2633 رن بنائے ہیں وہیں روہت نے 104 میچوں میں 2633 رنز بنائے ہیں۔ کوہلی اس سیریز میں اپنا پہلا رن بنانے کے ساتھ ہی روہت سے آگے نکل جائیں گے۔ کوہلی کو گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز سے آرام دیا گیا تھا جبکہ کوہلی اور روہت ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کھیلے تھے۔ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حیدرآباد میں پہلے ٹی 20 میچ میں ناقابل شکست 94 رنز کی اپنی بہترین اننگز کھیلی تھی۔انہوں نے تیسرے میچ میں ناقابل شکست 70 رنز بھی بنائے تھے۔روہت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ممبئی میں تیسرے ٹی 20 میں71 رن بنائے تھے۔