سڈنی،24 اکتوبر (ایجنسیز) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویراٹ کوہلی ٹیم انڈیا کے ساتھ سڈنی پہنچے ہیں۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ونڈے کل یہاں کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں سب کی نظریں ایک بار پھر کوہلی پرمرکوز ہوں گی کیونکہ کوہلی نے رواں سیریز میں ابھی اپنا کھاتہ نہیں کھولا ہے۔ وہ پرتھ اور ایڈیلیڈ ونڈے میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اگر کوہلی سڈنی میں صفر پر آؤٹ ہوتے ہیں تو وہ ون ڈے میں لگاتار تین بارصفر پر آؤٹ ہونے والے چھٹے ہندوستانی بیٹر بن جائیں گے۔ سچن تندولکر، سوریاکمار یادیو، انیل کمبلے، ظہیر خان اور ایشانت شرما لگاتار تین بار صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں تاہم ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ میںکوئی بھی کھلاڑی ایک ونڈے سیریز میں تین بارصفر پر آؤٹ نہیں ہوا ہے۔ اگر کوہلی سڈنی میں اسکورکرنے میں ناکام رہے تو یہ ناپسندیدہ ریکارڈ ان کے نام ہو جائے گا۔کوہلی سڈنی میں صفر پر آؤٹ ہوسکتے ہیں، کیونکہ اس گراؤنڈ پر ان کا ریکارڈ کافی خراب ہے۔ انہوں نے سڈنی میں سات ونڈے میچوں میں صرف 146 رنز بنائے ہیں۔