دبئی ۔12 فروری (سیاست ڈاٹ کام)آئی سی سی کی تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی بدستور پہلے مقام پر موجود ہیں جبکہ پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم پہلی بار ٹاپ پانچ بیٹسمینوں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ آئی سی سی ٹسٹ ٹیم درجہ بندی میں ہندوستان پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے ۔ کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں بابر اعظم 2 درجے ترقی کرکے پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ تازہ ترین درجہ بندی میں بولروںکی فہرست میں پہلے مقام پر آسٹریلیائی فاسٹ بولر پیٹ کمنز پہلے مقام پر ہنوز موجود ہیں۔ بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز میں سنچری کی بدولت 2 درجے ترقی کرتے ہوئے ساتویں سے پانچویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے پنڈی ٹسٹ میں کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے143رنز بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے پاکستانی بولروں کی بھی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے ۔ بولنگ فہرست میں پاکستان کے محمد عباس، نسیم شاہ، شاہین شاہ نے بھی ترقی کی ہے۔ فاسٹ بولرمحمد عباس 14 ویں، شاہین شاہ 32 اور نسیم شاہ 52 ویں مقام پرآگئے ہیں جب کہ یاسر شاہ 23 اور عمران خان سینئر 57 نمبر پر ہی موجود ہیں۔ ٹسٹ بیٹسمینوں میںکوہلی کی حکمرانی کے بعد آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ دوسرے، مارنس لبوشین تیسرے اورکین ولیمسن چوتھے نمبر پر ہیں۔ بولنگ فہرست کے مطابق آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے اور نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر دوسرے نمبر پر ہیں۔
