دبئی۔16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی نے نئی ٹسٹ درجہ بندی جاری کردی ہے جس کے مطابق ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ پاکستانی بیٹسمین بابراعظم پہلی مرتبہ 10 بہترین بیٹسمینوں میں شامل ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ کھلاڑیوں کی ٹسٹ درجہ بندی کے مطابق کوہلی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کا دوسرا نمبر ہے۔ کین ولیمسن تیسرے اور چتیشور پجارا چوتھے مقام پر موجود ہیں ۔ آسٹریلیا کے مارنوس لبوشین 3 درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ راولپنڈی ٹسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے بابر اعظم نویں نمبر پر موجود ہیں۔ پہلے ہی ٹسٹ میں ریکارڈ ساز سنچری بنانے والے پاکستانی اوپنر عابد علی کا درجہ بندی میں 78 واں مقام ہے۔ ٹسٹ کے 10 بہترین بولروں میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا پہلا جب کہ جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا کا دوسرا نمبر ہے۔ آل راونڈرز کی فہرست میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر پہلے مقام پر ہیں۔ ٹاپ 10 میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں رویندرا جڈیجہ ، بین اسٹوکس، ورنان فلینڈر اور مچل اسٹارک شامل ہیں۔