کوہلی بدستور پہلے مقام پر فائز، راہانے اور پچارا کو نقصان

   

دبئی ۔8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی کی جانب سے نئی ٹسٹ درجہ بنی جاری کر دی گئی ہے جس میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ چیٹیشور پچارا اور اجنکا راہانے کو اپنے مقامات گنوانے پڑیں ہیں۔ کوہلی 928 نشانات کے ساتھ پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ دوسرے مقام پر موجود اسٹیو اسمتھ کے نشانات کی تعداد 911 ہے۔ پچارا جوکہ اس سے قبل چھٹے مقام پر تھے اب وہ ایک مقام کے نقصان کے بعد ساتویں مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ راہانے دو مقامات کی تنزلی کے بعد نویں مقام پر چلے گئے ہیں۔ بیٹسمینوں کی فہرست میں پاکستانی ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم تنزلی کے بعد چھٹے سے ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی بیٹسمینوںکی تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی کے مطابق کوہلی پہلے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ اسمتھ دوسرے مقام پر موجود رہنے سے ابتدائی دو مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے لیکن ڈیویڈ وارنر نے تیسرے ٹسٹ میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے اپنے مقام کو بہتر بنایا ہے اور اب وہ پانچویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ بولروں کی فہرست میں صحت یابی کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے والے ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اپنے چھٹے مقام پر بدستور فائز ہیں جبکہ محمد سمیع 771 نشانات کے ساتھ 9 ویں مقام پر ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی بولنگ درجہ بندی کے مطابق آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے نمبر پر جبکہ نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔