کوہلی بدستور پہلے مقام پر لیکن اسمتھ سے 6 نشانات ہی آگے

   

دبئی ۔27 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں لیکن ان کے اور آسٹریلیائی سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کے درمیان صرف چھ نشانات کا فرق ہے ، تاہم ہندوستان کے لئے سب سے اہم خبر فاسٹ بولر جسپریت بمرہ کی پہلی مرتبہ سرفہرست دس بولروں میں شمولیت ہے ۔ آئی سی سی درجہ بندی میں سب سے بڑی چھلانگ انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوک نے لگائی ہے جیسا کہ انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلے گئے تیسرے ایشز ٹسٹ میں ٹیم کو سنسنی خیز کامیابی دلوائی ہے جس کے بدولت انھوں نے آل راؤنڈرس میں اب تک کا سب سے بہترین مقام حاصل کرلیا ہے ۔ آل راؤنڈرس کی فہرست میں وہ دوسرے مقام پر پہونچ چکے ہیں جبکہ بیٹسمینوں کی فہرست میں وہ تیرہویں مقام پر آگئے ہیں۔ ٹسٹ کے سرفہرست بیٹسمین ویراٹ کوہلی کے 910 نشانات ہیں جبکہ اسمتھ 904نشانات کے ذریعہ دوسرے مقام پر فائز ہیں۔ کوہلی کے پہلے مقام کو خطرہ لاحق تھا کیونکہ ایشز سیریز کے ابتدائی دو ٹسٹوں میں اسمتھ نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے کوہلی سے نشانات کے فرق کو کافی کم کردیا تھا تاہم زخمی ہونے کی وجہ سے وہ تیسرے ٹسٹ میں شرکت نہ کرسکے جس کا کوہلی کو کسی قدر فائدہ ہوا ہے ۔ بیٹسمینوں کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن تیسرے اور ہندوستانی بیٹسمین چتیشور پجارا چوتھے مقام پر فائز ہیں ۔ ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا رہانے جنھوں نے ویسٹ انڈیزکے خلاف پہلے ٹسٹ میں 81 اور 102 رنز اسکور کئے ہیں اس کی بدولت وہ دس مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے بیٹسمینوں کی فہرست میں گیارہویں مقام پر آگئے ہیں۔ بمرہ جوکہ تیزی کے ساتھ پچاس وکٹیں لینے والے ہندوستانی بولر بنے ہیں انھوں نے بولروں کی فہرست میں اب ساتواں مقام حاصل کرلیا ہے ۔