کوہلی بہترین دوست لیکن میدان پر بدترین دشمن:شعیب اختر

   

نئی دہلی۔26مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کے حوالے سے کہا کہ وہ میدان کے باہر بہترین دوست جبکہ میدان میں بدترین دشمن ہیں۔ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے سابق بیٹسمین اور کمنٹیٹر سنجے منجریکر سے لائیو ویڈیو کاسٹ پر بات چیت کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ کوہلی ان کے بہترین دوست ہیں کیونکہ ہم دونوں کا ہی تعلق پنجابی خاندان سے ہے اور ہم دونوں ہی ایک جیسے مزاج کے حامل ہیں۔شعیب اختر نے کہا ہے کہ کوہلی ان سے بہت زیادہ جونیئر ہیں لیکن وہ پھر بھی ان کا دل سے احترام کرتے ہیں۔انہوں نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران سچن تندولکر کے ساتھ ڈنر کرنے جایا کرتے تھے ۔اب شعیب اختر نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ اگر وہ اب کھیل رہے ہوتے تو موجودہ ہندوستانی کپتان کوہلی کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات ہوتے ۔ راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر اکثر کوہلی کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں اور انہوں نے کوہلی کو موجودہ کرکٹ کا ڈان بریڈمین قرار دیا ، کیونکہ ان کے پاس شاندار بیٹنگ صلاحیتیں ہیں۔کوہلی کی طرح اپنے کھیلنے کے دنوں کے دوران شعیب اختر بھی کافی جارحانہ ہوا کرتے تھے ۔شعیب اختر نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ کوہلی کو آؤٹ کرنے کے لئے کیا کرتے ۔ شعیب اختر نے31 سال کے کوہلی کے آؤٹ کرنے کے بارے میں کہا کہ اگر میں بولنگ کر رہا ہوتا، تو میں کوہلی کے لئے کریز سے باہر سے پچ کے اوپر سے نکلتی ہوئے باہر جاتی گیندیں کرتا۔اگر وہ اس گیند کو کھیلتے تو وہ آؤٹ ہوتے ۔اگر یہ گیند کامیاب نہیں ہوتی تو میں150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتا اور وہ آؤٹ ہو جاتے ۔