کوہلی دوسرے ٹسٹ میں شائقین کے برتاؤ سے ناراض

   

Ferty9 Clinic

کرائسٹ چرچ۔ 2 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی ٹیم کا نیوزی لینڈ دورہ کچھ خاص نہیں رہا۔ ٹی 20سیریز میں میزبان کو کلین سوئپ کرنے کے بعد ہندوستان کو ونڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اب دو ٹسٹ میچوں کی سیریزمیں بھی 2-0 کی شکست ہوگئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے مکمل دورے پرکپتان ویراٹ کوہلی کا بیاٹ خاموش رہا، جس سے وہ نقادوں کے نشانے پر بھی آگئے۔ ہرکوئی کوہلی کی ناکامی کی وجہ ان میں جارحیت کی کمی کو بتا رہا ہے۔ دراصل دورہ شروع ہونے سے پہلے ہی کوہلی نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ کیوی ٹیم کافی اچھی ہے، اسی لئے ان سے کوئی بدلہ لینے کے بارے میں سوچ ہی نہیں سکتا۔ونڈے کے بعد ٹسٹ سیریز میں بھی کوہلی ناکام رہے۔ لیکن دوسرے ٹسٹ میں کوہلی خراب بیٹنگ کے علاوہ کئی اور وجہ سے بھی سرخیوں میں رہے۔ دوسرے ٹسٹ میچ کے دوسرے دن ان کا برتاؤ دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے وہ اپنے پرانے انداز میں آرہے ہیں۔ اتوار کو وہ میدان پرکافی جارح نظر آئے، جس کی ایک جھلک دوسرے دن ٹام لاتھم کے وکٹ کے بعد دیکھنے کو ملی جہاں ہندوستانی کپتان نے شائقین کو خاموش کروادیا۔ دراصل کافی وقت سے اسٹیڈیم کے ایک حصے میں شائقین ہندوستانی ٹیم کیخلاف نعرے لگارہے تھے جس پرکوہلی نے کافی وقت تک خود پرقابو رکھا تھا لیکن جیسے ہی محمد سمیع کی گیند پر ٹام لاتھم آؤٹ ہوئے تو ہندوستانی کپتان کوہلی شائقین کے اس گروپ کو نازیبا الفاظ کہتے ہوئے نظر آئے۔یاد رہے ٹسٹ سیریز کے دوران جہاں ہندوستانی ٹیم کو دو مقابلوں میں 2-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی وہیں ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی بھی چاروں اننگز میں ناکام رہے۔ انفرادی ناکامی اور ٹیم کے مایوس کن مظاہروں سے کوہلی ناراض دکھائی دیئے جیسا کہ انہوں نے سیریز کے اختتام پر شکست کے اصل ذمہ دار بیٹسمینوں کو قرار دیا۔