کوہلی دوسرے ٹسٹ میں واپسی کیلئے پرعزم

   

ویلنگٹن۔25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ کو سوا تین دن میں 10 وکٹ سے گنوانے کے باوجود ٹیم کے دفاع میں کہا کہ ایک شکست سے ٹیم خراب نہیں ہو جاتی۔ کوہلی نے ہندوستانی ٹیم کے ویلنگٹن ٹسٹ میں مایوس کن کارکردگی کے بارے میں ہو رہی تنقید پرکہاکہ میں مانتا ہوں کہ ہم اس میچ میں بالکل بھی مسابقتی نہیں تھے۔ ہم نے پہلی اننگز میں مایوس کن بیٹنگ کی اور خودکو مایوس کیا لیکن ساتھ ہی میرا یہ خیال ہے کہ اس ایک شکست سے ہماری ٹیم خراب نہیں ہوجاتی اور ہماری سوچ وہی رہے گی جو پہلے تھی۔ ہندوستان نے اس مقابلے کی دونوں اننگز میں بیٹنگ میں کافی مایوس کیا اور ہندوستانی بیٹسمینوں کو نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولروں کو کھیلنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں 165 اور دوسری اننگز میں 191 رنز بنائے۔کپتان نے اس کارکردگی پر کہاکہ ہمیں پتہ ہے کہ ہم خراب کھیلے ہیں لیکن باہر جو لوگ ہماری کارکردگی پر باتیں کر رہے ہیں ہم اس پر زیادہ توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ اگر آپ باہر کی باتوں پر زیادہ توجہ دیں گے تو وہی ساتویںآٹھویں نمبر پر پہنچ جائیں گے۔ ہم اس شکست کو بھی بہت زیادہ توجہ نہیں دیںگے اور اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کریں گے۔ ہم مثبت سوچ کے ساتھ واپسی کریں گے اور دوسرے ٹسٹ میچ میں کامیابی حاصل کریں گے۔ کوہلی نے کہا کہ ٹیم نے پہلی اننگز میں کافی خراب بیٹنگ کی اورا سکور بورڈ پر اتنا اسکور نہیں درج کیا جس کا بولروںکو نیوزی لینڈ پر دباو بنانے کا موقع مل سکتا۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس میچ میں بالکل بھی مسابقتی نہیں تھے۔ ہم پہلے بھی ہارے ہیں لیکن ہم نے شکست میں جدوجہد دکھائی ہے۔ پہلی اننگزکی کارکردگی نے ہمیں بیک فٹ پر ڈال دیا تھا لیکن ہمیں خود پر اعتماد ہے اور ہم واپس آئیں گے۔ کپتان نے ساتھ ہی کہاکہ اس میچ میں ہم نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیںکیا اور اس بات کو تسلیم کرنے میں مجھے کوئی شرم نہیں ہے۔ جب تک ہم اپنی غلطیوں کو قبول نہیں کریں گے تب تک ہم آگے نہیں بڑھ پائیں گے۔ ہم اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہیں اور اب دوسرے ٹسٹ میچ میں مثبت سوچ کے ساتھ اتریں گے۔ اگلے میچ سے پہلے چند دن کا وقت ہے اور اس میچ نے ہمارے سامنے ایک چیلنج پیش کیا ہے کہ ہم واپسی کریں۔