کوہلی ذاتی وجوہات کی بنا پرپہلے دو ٹسٹ سے دستبردار

   

حیدرآباد۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد میں انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز کے آغاز سے تین دن قبل، ہندوستان کو ایک بہت بڑا دھکا لگا ہے کیونکہ طلسماتی بیٹر ویراٹ کوہلی ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے پہلے دو میچوں سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ ایک بیان میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے کہا کہ کوہلی کی جانب سے حیدرآباد اور وشاکھاپٹنم میں ہونے والے ٹسٹ میچوں سے دستبردار ہونے کی درخواست کے بعد سلیکشن کمیٹی کے ذریعہ جلد ہی متبادل کا نام لیا جائے گا، جبکہ ان کی رازداری کا احترام کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ ویراٹ نے کپتان روہت شرما، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز سے بات کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے، کچھ ذاتی حالات کی وجہ سے وہ کرکٹ پر توجہ مبذول نہیں کرپائیں گے۔ بی سی سی آئی کوہلی کے فیصلے کا احترام کرتا ہے اور بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ نے اسٹار بیٹرکو اپنا تعاون بڑھایا ہے اور اسکواڈ کے باقی ممبران کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے کہ وہ ٹسٹ سیریز میں قابل ستائش کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ بی سی سی آئی میڈیا اور شائقین سے درخواست کرتا ہے کہ وہ اس دوران کوہلی کی رازداری کا احترام کریں اور ان کی ذاتی وجوہات کی نوعیت کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریزکریں۔ بی سی سی آئی نے کہا کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی حمایت کرنے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہئے کیونکہ وہ ٹسٹ سیریز میں آنے والے چیلنجوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان کی آخری ٹسٹ سیریزکھیلی تھی جو 1-1 سے برابری پر ختم ہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ اندور اور بنگلورو میں سیریزکے آخری دو میچ کھیلنے سے پہلے ذاتی وجوہات کی بناء پر اس ماہ کے شروع میں موہالی میں افغانستان کے خلاف پہلا ٹی20 نہیں کھیل سکے تھے۔ پہلے دو میچوں کے لیے کوہلی کی غیر موجودگی میں ہندوستان مڈل آرڈر بیٹر شبمن گل اور شریاس آئر پر بہت زیادہ انحصارکرے گا۔ کے ایل راہول، جنہیں وکٹ کیپر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، ایک ماہر بیٹنگ کھلاڑی کے طور پر بھی کھیل سکتے ہیں۔ ہندوستان کے پلیئنگ الیون میں وکٹ کیپرکے لیے کے ایس بھرت اور دھرو جورل دوسرے دعویدار ہیں۔ دوسری جانب انگلینڈ نے کہا کہ مڈل آرڈر ہیری بروک نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے فوری طور پر دورہ ہندوستان سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ مہمان ٹیم میں بروک کے متبادل کے طور پر ڈین لارنس کو شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز 25 جنوری کو حیدرآباد میں شروع ہوگی، اس کے بعد دیگر میچز وشاکھاپٹنم (2-6 فروری)، راجکوٹ (15-19 فروری)، رانچی (23-27 فروری) اور دھرم شالا (7-11 مارچ) میں کھیلے جائیں گے ۔ہندوستان فی الحال 2023-2025 ورلڈ ٹسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر 54.16 پی سی ٹی کے ساتھ دفاعی چمپئن آسٹریلیا کے پیچھے دوسرے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ 15 پی سی ٹی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں آٹھویں نمبر پر ہے۔