پرتھ ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم نے کہا ہے کہ ویراٹ کوہلی کے ساتھ انکا موازنہ نہیں، وہ زیادہ تجربہ کار اور بڑے کرکٹر ہیں، جبکہ میں بھی زیادہ تجربہ کار ہو جاوں تو ضرور کوہلی سے مقابلہ کریں۔ برسبین میں پہلے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا میں رنزکرنا مشکل ہوتا ہے، میچ میں سنچری میرے کیرئیر کی بہترین اننگز کہی جا سکتی ہے۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم ہوم سیریز میں بہت اچھی کرکٹ کھیلتی ہے۔ برسبین ٹسٹ میں سنچری بنانے سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے،تاہم پہلی اننگز میں جلد آوٹ ہونے کا افسوس ہوا اور دوسری اننگز میں اپنی غلطی کو نہیں دہرایا۔ بابر نے کہا کہ میں نے دوسری اننگز میں طویل کھیلنے کا سوچا ہو ا تھا لیکن جلد آوٹ ہونے سے دکھ ہوا ہے، طویل اننگز کھیلتا تو ٹیم کو فائدہ ہوتا اور آسٹریلیا کو دوبارہ بیٹنگ کرنی پڑتی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ٹسٹ میچ میں اپنا صد فیصد کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، امید ہے کہ اس سنچری کے بعد ایڈیلیڈ میں مزید اعتماد کے ساتھ کھیلوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق مجھے جس نمبر پر بھیجا جائے کھیلتا ہوں، میں نے کبھی بیٹنگ نمبر نہیں مانگا، میرا کام مظاہرہ کرنا ہے۔