کوہلی سے میں بہت پیچھے ہوں: بابر

   

نئی دہلی ۔10جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ونڈے ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی سے اپنے موازنہ کے سلسلے میں کہا کہ کوہلی دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں اور وہ ان سے بہت پیچھے ہیں۔بابر اور کوہلی کا مستقل موازنہ کیا جاتا ہے ۔ حال ہی میں پاکستان کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ بابر کوہلی ، اسٹیون اسمتھ اور جو روٹ جیسے بیٹسمینوں کے قریب پہنچ رہے ہیں۔بابر نے کرکبز شو میں کہا کوہلی دنیا کے بہترین بیٹسمنوں میں سے ایک ہیں۔ میں ابھی ان سے کافی پیچھے ہوں اور مجھے ابھی بہت کچھ سیکھنا باقی ہے ۔ میں ان کی طرح کھیلنے کی کوشش کروں گا تاکہ اپنے ملک کو جیت دلا سکوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کے کسی بھی بیٹسمین کے ساتھ موازنہ کرنے کے لئے مظاہرہ نہیں کرتے ہیں۔ بابر نے کہا میں دنیا کے کسی بھی بیٹسمین کا موازنہ کرنے کے لئے رنز نہیں بناتا ہوں۔ میں صرف اپنے آپ کو ، ٹیم اور شائقین کو مطمئن کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپنی کارکردگی سے مداحوں کو خوشی اور ٹیم کی جیت میں اپنا تعاون دینا چاہتا ہوں۔