نئی دہلی۔14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے سابق اوپنرگوتم گمبھیر کا خیال ہے کہ جہاں تک محدود اوورزکی کرکٹ ہے تو اسٹیو اسمتھ کے مقابلے میں ویراٹ کوہلی کہیں زیادہ بہتر بیٹسمین ہیں۔کوہلی نے ونڈے میچوں میں 43 سنچری کی مدد سے 11000 سے زائد رنز بنائے ہیں جبکہ اسمتھ آٹھ سنچری سے اب تک 4000 رنز کے قریب ہی پہنچے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ سے پہلے گمبھیر نے کہاکہ محدود اوورز کے کرکٹ میں اسٹیو اسمتھ کے مقابلے میں کوہلی کہیں زیادہ بہتر ہیں۔دونوں کے درمیان کوئی موازنہ نہیں ہے۔میں محدود اوورزکے کرکٹ میں کوہلی کا اسمتھ سے موازنہ نہیں کروں گا۔ میں اصل میں دیکھنا چاہتا ہوں کہ اسمتھ کس نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا وہ اسے چوتھے نمبر پر اتاریں گے یا تیسرے نمبر پر موقع دے گا اور لبوشین کو چوتھے نمبر پر بھیجیں گے۔بولنگ شعبہ میں گمبھیرکا خیال ہے کہ جسپریت بمراہ اور محمد سمیع اپنی رفتار سے آسٹریلیا کو پریشان کر سکتے ہیں۔گمبھیر نے کہاکہ میں یہ دیکھنے کے لئے بے تاب ہوں کہ یہ دونوں محدود اوورز کی کرکٹ میں شاندار فارم میں موجود ڈیوڈ وارنر یا آرون فنچ جیسے بیٹسمینوں کو بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر کیسی بولنگ کرتے ہیں لیکن بہترین چیز یہ ہے کہ ان کے پاس رفتار ہے اور وہ اپنی رفتار سے وکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔