کوہلی ناقص مظاہروں کے باوجود ہنوز مطمئن

   

ویلنگٹن ۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کا دورہ نیوزی لینڈ پر مظاہرہ انتہائی مایوس کن ہے اور انہوں نے اس دورہ پر تاحال صرف ایک نصف سنچری بنائی ہے جس کے باوجود وہ اپنے مظاہروں سے ہنوز مطمئن ہیں۔ دورہ نیوزی لینڈ پر ویراٹ کوہلی نے ٹوئنٹی 20 سیریز میں 45، 11، 38 اور 11 رنز اسکور کئے جبکہ ٹیم مقابلوں کی ونڈے سیریز میں ان کا اسکور 51 ، 15 اور 9 رنز رہا۔ اسی طرح آج اختتام ہوئے پہلے ٹسٹ میں انہوں نے بالترتیب 2 اور 19 رنز بنائے ہیں۔ کپتان کے ناقص مظاہرے اس وقت موضوع بحث بنے ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اپنے انفرادی مظاہروں پر اطمینان کا اظہار کررہے ہیں۔ کوہلی نے اپنے مظاہروں پر کہا ہیکہ وہ یقینی طور پر مطمئن ہیں اور وہ بہتر بیٹنگ کررہے ہیں۔ کوہلی نے مزید کہا ہیکہ بسااوقات اسکور کے اعدادوشمار بیٹنگ کے ترجمان نہیں ہوتے اور ایسا بھی ہوتا ہیکہ آپ وہ حکمت عملی کو یقینی نہیں بنا سکتے جس کی آپ نے تیاری کی ہو۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں 10 وکٹوں کی شکست کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ دیکھئے جب آپ بہت زیادہ کرکٹ کھیلتے ہیں اور مسلسل کھیلتے ہیں تو تین چار اننگز ایسی ہوتی ہیں جو آپ کی حکمت عملی کے مطابق نہیں ہوتی۔