رانچی ۔22 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے افریقہ کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 0- 3 کی تاریخی کلین سویپ کر لی۔ ہندوستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف یہ پہلی کلین سویپ ہے۔ جنوبی افریقہ نے گزشتہ روزکے آٹھ وکٹ پر 132 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور ہندوستان نے اس کے باقی دو وکٹ حاصل کرنے کے لئے صرف 11 منٹ کا وقت لگایا۔ جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز 133 رن پر سمٹ گئی۔ پہلا ٹسٹ کھیل رہے بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز ندیم نے باقی دو وکٹ مسلسل گیندوں پر حاصل کرتے ہوئے کامیابی ہندوستان کی جھولی میں ڈال دی۔ ہندوستان نے سوا تین دن میں ہی میچ کو ختم کر دیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی سب سے بڑی جیت درج کر لی۔ اس سیریز کو جیتنے کے ساتھ ہی ویراٹ کوہلی نے بطور کپتان ایسے کارنامے انجام دے دئیے جو انہیں عظیم ترین کپتانوں کے زمرے میں لا کھڑا کر دیتے ہیں۔ یادرہے کہ کوہلی ہندوستان کے پہلے ایسے کپتان ہیں جن کی قیادت میں ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سویپ کیا ہے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹسٹ سیریز جیت لی ہیں۔ یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ پہلے ہندوستانی کپتان ہیں۔ ان سے پہلے گنگولی اور سچن نے ہی 1-1 سیریز جنوبی افریقہ کے خلاف جیتی ہے۔ کوہلی نے نویں مرتبہ ایک اننگز کے فرق سے ٹسٹ میچ جیتا ہے۔ کوہلی نے اس کے ساتھ ہی ایم ایس دھونی کی برابری کر لی ہے۔ دھونی نے بھی نو ٹسٹ میچ اننگز کے فرق سے جیتے تھے۔ کوہلی نے رانچی ٹسٹ کو اننگز کے فرق سے جیتتے ہی اظہرالدین کو پیچھے کر دیا جنہوں نے 8 بار اننگز کے فرق سے ٹسٹ جیتے تھے جبکہ گنگولی کی کپتانی میں ہندوستان نے 8 ٹسٹ اننگز کے فرق سے جیتے۔ کوہلی جنوبی افریقہ کے خلاف سب سے بڑی جیت حاصل کرنے والے ہندوستانی کپتان بھی بن گئے ہیں۔