سڈنی ،25 اکتوبر (ایجنسیز) ویراٹ کوہلی رنز کے تعاقب میں ناقابل شکست رہنے کا ایک منفرد ریکارڈ رکھتے ہیں۔ یہ سڈنی ونڈے میں ایک بار پھر ثابت ہوا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوہلی نے نہ صرف سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں اپنا سب سے زیادہ اسکور بنایا، بلکہ سچن ٹنڈولکر کا ایک بڑا ریکارڈ بھی توڑدیا۔ اتنا ہی نہیں سڈنی میں اپنے پچھلے خراب ریکارڈ میں قدرے بہتری لاتے ہوئے ویرات کوہلی نے آسٹریلیا میں اپنی پچھلی 10 اننگز کی ناکامی کا بھی خاتمہ کردیا۔پہلے دو ونڈے میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے والے ویراٹ کوہلی نے سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف ونڈے میچ میں اپنے کیریئرکا پہلا ففٹی پلس اسکورکیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا ونڈے میں رنز کے تعاقب میں سب سے زیادہ پچاس سے زیادہ اسکورکا ریکارڈ توڑ دیا۔ سچن ٹنڈولکر نے ونڈے رنزکے تعاقب میں 69 پچاس سے زیادہ اسکور بنائے تھے۔ دریں اثنا ویراٹ کوہلی نے سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف تعاقب کرتے ہوئے اپنے ونڈے کیریئر میں 70 ویں مرتبہ نصف سنچری یا اس سے زیادہ کا اسکور کیا ہے ۔ سڈنی میں اپنے ونڈے کیریئر کی سب سے بڑی اننگزکھیل کر ویراٹ کوہلی نے نہ صرف سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا بلکہ آسٹریلیا میں اپنی پچھلی 10 اننگز کی ناکامیوں کو بھی ختم کردیا ۔ کوہلی نے اس سے قبل آسٹریلیا میں اپنی پچھلی 10 اننگز میں ایک بھی نصف سنچری کے بغیر صرف 90 رنز بنائے تھے۔ سڈنی میں ویراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کا پہلا ففٹی پلس اسکورکیا۔ وہ اس سے قبل سیریز کے پہلے دو ونڈے میچوں میں اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے۔ تاہم سڈنی میں وہ 84 گیندوں پر71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سڈنی میں اس اننگز کے دوران ویراٹ کوہلی اور روہت شرما نے دوسری وکٹ کے لیے 168 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کی۔علاوہ ازیں کوہلی نے ونڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں کمارا سنگاکارا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں ان سے آگے اب صرف سچن ہیں ۔