دبئی ۔ 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی جنہوں نے کولکتہ میں منعقدہ ہندوستان کے پہلے ڈے نائیٹ ٹسٹ میں سنچری اسکور کی ہے جس کی بدولت وہ ٹسٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست آسٹریلیائی بیٹسمین اسٹیواسمتھ سے نشانات کے اپنے فرق کو کم کیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی جاری کردی گئی ہے جس میں کوہلی کو 928 نشانات کے ساتھ دوسرا مقام حاصل ہے۔ کوہلی جنہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف ڈے نائیٹ ٹسٹ میں 136 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کی دولت انہوں نے اسمتھ سے 25 نشانات کا فرق کم کیا ہے حالانکہ اس کے باوجود اسمتھ 931 نشانات کے ذریعہ پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ رواں ہفتہ اسمتھ کو پاکستان کے خلاف ایڈیلیڈ میں ڈے نائیٹ ٹسٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ کوہلی جنہوں نے کولکتہ ٹسٹ میں شاندار سنچری اسکور کی وہیں دوسری جانب پاکستان کے خلاف منعقدہ پہلے ٹسٹ میں اسمتھ صرف چار رنز بنا کر ناکام ہوئے تھے۔ دیگر بیٹسمینوں میں ہندوستان کے اوپنر مینک اگروال پہلی مرتبہ سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل ہوئے ہیں۔ اگروال جنہوں نے پہلے ٹسٹ میں سنچری اسکور کی تھی وہ اس کی بدولت 700 نشانات کے ذریعہ 10 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ اگروال سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل چوتھے ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ ان کے علاوہ چیٹیشور پجارا 791 اور اجنکیا راہنے 759 نشانات کے ذریعہ بالترتیب چوتھے اور پانچویں مقام پر فائز ہیں۔ آل راونڈرس کی فہرست میں انگلش کھلاڑی بین اسٹوک پہلی مرتبہ سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے ہیں جیسا کہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے مقابلہ میں 91 اور 28 رنز اسکور کئے ہیں جس کی بدولت انہیں درجہ بندی میں تین مقامات کا فائدہ ہوا ہے۔ بنگلہ دیش کے سینئر بیٹسمین مشفق الرحیم کو بھی چار مقامات کا فائدہ ہوا ہے اور اب وہ 26 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ ہندوستانی فاسٹ بولر ایشانت شرما اور اومیش یادو نے بھی کیریئر اپنا بہترین مقام حاصل کرلیا ہے جیسا کہ دونوں ہی بولروں نے بنگلہ دیش کے خلاف کولکتہ میں اننگز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایشانت 716 نشانات کے ذریعہ 17 ویں مقام پر فائز ہوچکے ہیں جوکہ جولائی 2011ء کے بعد ان کا بہترین مقام ہے۔ علاوہ ازیں اومیش یادو 672 نشانات کے ذریعہ ایک مقام کی چھلانگ کے بعد 21 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔