دبئی: آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ونڈے درجہ بندی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں لیکن فاسٹ بولر جسپریت بمرا کو ایک مقام کے نقصان کے بعد چوتھے مقام پر پہنچنا پڑا ہے۔ کوہلی جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف پہلے اور دوسرے ونڈے میں بالترتیب 56 اور 66 رنز کی اننگ کھیلی جس کی بدولت ان کے درجہ بندی کے نشانات 870 ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب بمرا جنہیں سفید گیند کی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف آرام دیا گیا تھا، وہ ایک مقام کے نقصان کے بعد اب چوتھے مقام پر پہنچ چکے ہیں اور ان کے درجہ بندی کے نشانات 690 ہیں۔ محدود اوورس کی ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما تیسرے مقام پر فائز ہیں جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم دوسرے مقام پر موجود ہیں جبکہ کے ایل راہول نے 31 ویں مقام سے ترقی کرتے ہوئے 27 واں مقام حاصل کرلیا ہے۔ آل رائونڈر ہاردک پانڈیا نے اپنے کیریئر میں بہترین مقام حاصل کرلیا ہے۔ جیسا کہ اس وقت وہ 42 ویں مقام پر موجود ہیں جو دراصل ان کی جانب سے 35 اور 64 رنز کی شاندار اننگز کا صلہ ہے۔ علاوہ ازیں رشبھ پنت بھی سرفہرست 100 کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہوچکے ہیں۔ بولروں کی درجہ بندی میں بھونیشور کمار جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میں 42 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا اس کی بدولت انہوں نے 9 مقامات کی ترقی کرتے ہوئے 11 واں مقام حاصل کرلیا ہے۔ انگلینڈ کے لیے آل رائونڈر بین اسٹوکس کو بھی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے۔ اسٹوک جنہوں نے دوسرے ونڈے میں 52 گیندوں میں 99 رنز اسکور کئے تھے اس کی بدولت وہ 4 مقامات کی ترقی کرتے ہوئے 24 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ جبکہ جانی بیرسٹو بدستور 7 ویں مقام پر موجود ہیں۔ تاہم 796 نشانات ان کے کیریئر میں بہترین نشانات ہیں۔ آل رائونڈر معین علی بھی 9 مقامات کی ترقی کے بعد 46 واں مقام حاصل کیا ہے لیکن یہ بولروں کی فہرست میں ان کی ترقی ہے۔ ٹی 20 درجہ بندی میں کوہلی اور راہول کو ایک مقام کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے جس کے بعد وہ اب بالترتیب پانچویں اور چھٹے مقام پر موجود ہیں ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی سرفہرست 10 بولروں اور آل رائونڈرس میں شامل نہیں ہیں۔ ٹسٹ درجہ بندی میں روی چندرن اشون اپنا دوسرا مقام برقرار رکھنے میں کامیاب ہیں جبکہ اس فہرست میں پیٹ کمنس کی حکمرانی ہے۔ آل رائونڈرس کی فہرست میں روندر جڈیجہ تیسرے اور روی چندرن اشون چوتھے مقام پر فائز ہیں۔ کوہلی پانچویں مقام پر، پنت اور روہت مشترکہ طور پر ساتویں مقام پر موجود ہیں۔