کوہلی ونڈے کے سب سے بہترین بیٹسمین:کلارک

   

میلبورن ۔21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو ونڈے کرکٹ میں اب تک کا بہترین بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی کپتان کوہلی نے اپنی بیٹنگ سے کھیل کے ہر فارمیٹ میں اپنی مخصوص شناخت چھوڑی ہے۔آسٹریلیا کے سابق عالمی کپ فاتح کپتان کلارک نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ ویراٹ ونڈے کرکٹ میں کھیلنے والا اب تک کا بہترین بیسٹمین ہے۔ مائیکل کلارک نے کہا کہ ہندستان کے لیے انہوں نے جو کچھ حاصل کیا اس کو دیکھنے کے بعد مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ونڈے کی سب سے بہترین بیٹسمین ہیں۔ انہوں نے اب تک 219 ونڈے میں 10385 رنز بنائے ہیں۔ جس میں 39 سنچری شامل ہیں۔ ان کی اوسط 59 سے بھی زیادہ ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ ان میں جارحیت ہے لیکن کوئی بھی ان کے عزم پر سوال نہیں اٹھا سکتا۔ اس لئے اپنے ملک کے لئے جیت درج کرنے کے ویراٹ کے جذبہ کا احترام کرنا ہی ہوگا۔ وہ ونڈے میں سب سے بہترین بیٹسمین ہیں۔جہاں مسلسل وہ کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں ، وہیں ان کے پیشرو کپتان مہندر سنگھ دھونی کی موجودہ فارم پر کرکٹ کی دنیا کی رائے مختلف ہے۔ اس بارے میں انہوں نے کہا کہ دھونی ابھی ونڈے میں پہلے کی طرح جارحانہ انداز سے نہیں کھیلتے ہیں ، لیکن اس 37 سالہ سابق کپتان آسٹریلیا کے خلاف جو مظاہرے کئے ہیں اس کے بعد نہ صرف دھونی کا اعتماد بحال ہوا ہے بلکہ ہندوستانی ٹیم نے بھی راحت کی سانس لی ہوگی۔