کوہلی ٹسٹ چمپئن شپ کیلئے پرعزم

   

نئی دہلی ۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی عالمی ٹسٹ چمپئن کے آغاز سے قبل بہت زیادہ پرجوش ہیں اورکہاکہ طویل طرز کی کرکٹ کیلئے یہ طریقہ درست وقت پر سامنے لایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر تین ٹوئنٹی20 اور تین ونڈے میچز کے بعد ہندوستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف دو ٹسٹ میچز بھی کھیلے گی جو ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔کوہلی کے مطابق اگرچہ وہ باہمی سیریز کیلئے آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے مقابل ہوں گے لیکن ان میچوں کے معنی اور اہمیت قدرے مختلف ہوگی اور انہیں ہر سیریز کا نئے سرے سے منصوبہ کرنا ہوگا۔ وہ اس طرح کی کرکٹ کیلئے کافی پرجوش ہیں جو آنے والے عرصے میں ان کی زندگی کا حصہ بن جائے گی۔علاوہ ازیں انہوں نے ورلڈ کپ میں خطاب حاصل نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ٹیم ورلڈکپ سیمی فائنل ہارنے کا غم نہیں بھولی۔ کوہلی کے مطابق شکست اب تک تکلیف دیتی ہے۔ ہم نے بہت کم غلطیاں کی لیکن پھر بھی شکست ہوئی ۔ ایسے میں اس طرح شکست قبول کرنا مشکل ہوجاتا ہے لیکن اب ٹیم اس شکست کو پیچھے چھوڑکر ویسٹ انڈیز دورے پرجانے والی ہے۔ ورلڈکپ کے بعد ٹیم میں کوہلی اورروہت شرما کے گروپ کی باتیں منظرعام پر آئیں۔ پہلے خیال تھا کہ کوہلی شاید اس دورے کا حصہ نہ ہوں لیکن ایک ذرائع کے مطابق کوہلی نے کسی انجانے خوف کے سبب سیریز میں شرکت کا فیصلہ کیا۔ یہ باتیں بھی میڈیا کی زینت بن چکی ہیں کہ کوہلی کو صرف ٹسٹ ٹیم کا قائد برقرار رکھا جائے اور محدود اوورزکی ٹیموں کی قیادت روہت شرما کے سپرد کردی جائے۔ کہا جا رہا ہے کہ کوہلی اورروہت شرما کے درمیان کافی وقت سے رسہ کشی چل رہی ہے۔