ایڈیلیڈ، 23 اکتوبر (آئی اے این ایس) ہندوستانی بیٹنگ اسٹار ویراٹ کوہلی کی ایڈیلیڈ اوول میں طویل انتظارکے بعد واپسی شائقین کے لیے مایوس کن ثابت ہوئی، جہاں وہ دوسرے ونڈے میچ میں محض چارگیندوں پر بغیرکوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ پرتھ میں بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں بھی کوہلی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے، اور یہ پہلا موقع ہے کہ وہ ون ڈے بین الاقوامی میچوں میں لگاتاردو مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔ ایڈیلیڈ اوول، جہاں کوہلی نے اپنے کیریئر کی پانچ بین الاقوامی سنچریاں بنائی ہیں جو کسی ایک گراؤنڈ پر ان کا سب سے زیادہ بہترین ریکارڈ ہے ایک بار پھر ان کے لیے خاص موقع سمجھا جا رہا تھا۔ بڑی تعداد میں موجود ہندوستانی شائقین کو امید تھی کہ وہ یہاں ایک اور بڑی اننگز کھیلیں گے۔ تاہم یہ امیدیں ساتویں اوور میں دم توڑگئیں جب آسٹریلوی فاسٹ بولر زیویئر بارٹلیٹ نے ایک شاندار ان سوئنگ گیند پر کوہلی کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا ۔ اس سے قبل بارٹلیٹ نے تین گیندیں آف اسٹمپ سے باہرکی اور چوتھی گیند اندر لاتے ہوئے کوہلی کو چکمہ دیا۔ کوہلی نے گیند کے سامنے آنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے اور نان اسٹرائیکر پر موجود روہت شرما سے مختصر بات چیت کے بعد ریویو نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ آؤٹ ہونے کے بعد جب کوہلی پویلین کی جانب لوٹے تو ایڈیلیڈ کا مجمع کھڑا ہوگیا اور اس عظیم بیٹرکو اسٹینڈنگ اوویشن دی، جس نے اسی میدان پر اب تک 976 رنز بنائے ہیں جو کسی بھی غیر ملکی بیٹر کا شاندار ریکارڈاور سب سے زیادہ رنز ہیں۔ کوہلی نے شائقین کے اس احترام کے جواب میں ہاتھ اٹھا کر شکریہ ادا کیا اور ان کا انداز وداعی تھا ۔