نئی دہلی ۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کا خیال ہے کہ وراٹ کوہلی کی فطری صلاحیت انہیں کرکٹ کا راجر فیڈرر بناتی ہے جبکہ اسٹیو اسمتھ کی ذہنی مضبوطی رافیل نڈال کے مشابہ ہے۔ڈی ویلیئرز نے ان دو نوں پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ کرکٹ میں سب سے زیادہ ناظرین کو اسٹیڈیم تک کھینچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ڈی ویلیئرز نے کہاکہ یہ مشکل ہے لیکن کوہلی یقینی طور پر زیادہ فطری کھلاڑی ہے۔اس میں کوئی شک نہیں۔ ٹینس کے تناظر میں کہوں تو وہ (راجر) فیڈرر کی طرح ہے جبکہ اسمتھ (رافیل) نڈال کی طرح ہے۔اسمتھ ذہنی طور پر انتہائی مضبوط ہیں اور وہ رنز بنانے کے طریقے سے پتہ چلتا ہے۔ وہ فطری کھلاڑی نہیں لگتا لیکن وہ کریز پر نئے ریکارڈ بنارہا ہے۔میں نے جتنے بھی کھلاڑیوں کو دیکھا ہے ان میں سے میرا خیال ہے کہ اسمتھ ذہنی طور پر مضبوط ترین ہیں۔ کوہلی نے بھی دنیا بھر کے میدانوں پر رنز بنائے ہیں اور دباؤ میں میچ جیتے ہیں۔ ڈی ویلیئرز کا اس کے ساتھ ہی خیال ہے کہ کوہلی ہدف کا تعاقب کرنے کے معاملے میں سچن تندولکر سے قدرے بہتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ سچن ہم دونوں (ڈی ویلیئرز اور کوہلی) کے لئے مثالی ہیں۔اپنے زمانے میں انہوں نے جس طرح سے بیٹنگ کی انہوں نے جو کامیابیاں حاصل کی انہوں نے وہ سب کچھ کیا جو سب کے لئے شاندار مثال ہے۔