دبئی ۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے جنوبی افریقہ کے خلاف موہالی میں منعقدہ ٹوئنٹی 20 مقابلہ میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کی ایک اور شاندار اننگز پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ ویراٹ کوہلی ایک عظیم کھلاڑی ہیں۔ کوہلی نے گذشتہ رات یہاں منعقدہ مقابلہ میں 52 گیندوں میں 72 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی 7 وکٹوں کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا جس پر انہیں میان آف دی میچ بھی دیا گیا۔ آفریدی نے کوہلی کے اس مظاہرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹوئیٹ کیا کہ آپ ایک عظیم کھلاڑی ہو اور میں نیک تمنائیں ظاہر کرتا ہوں کہ آپ کامیابی کے اس سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے کرکٹ شائقین کیلئے تفریح کا سامان فراہم کرے۔ آفریدی نے آئی سی سی کی جانب سے کوہلی کی ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں 50 سے زائد اوسط پر مبارکباد کے پیغام پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ تینوں طرز کی کرکٹ میں 50 سے زائد کا اوسط ایک شاندار کھلاڑی کی نشانی ہے۔ یاد رہے کوہلی کا ٹسٹ میں اوسط 53.14، ونڈے میں 60.31 اور ٹوئنٹی 20 میں 50.85 ہے۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہیکہ کوہلی نے تینوں طرز کی کرکٹ میں 50 سے زائد کا اوسط حاصل کیا ہو بلکہ گذشتہ برس بھی انہوں نے تینوں طرز کی کرکٹ میں پچاس سے زائد کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے مقابلہ میں ہندوستان نے جہاں بولنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 149/5 تک محدود رکھا اس میں دیپک چہر نے کلیدی رول ادا کیا جس کے بعد نشانے کے تعاقب میں کوہلی نے دوسری وکٹ کیلئے بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھردھون کے ساتھ 61 رنز کی کامیاب پارٹنر شپ نبھائی۔ دھون نے 31 گیندوں میں 40 رنز اسکور کئے۔ دھون کے آوٹ ہونے کے بعد مقابلہ میں جس کھلاڑی پر تمام تر توجہ مرکوز تھی وہ رشپھ پنت تھے جنہیں پہلا ہی مقابلہ کھیلنے والے اسپنر بورن فورٹین نے آوٹ کیا۔ اس موقع پر ہندوستانی ٹیم 104/4 کی نازک صورتحال میں پہنچ چکی تھی لیکن کوہلی نے ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں 22 ویں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو ایک اوور قبل ہی کامیابی سے ہمکنار کیا۔ اس مقابلہ میں کوہلی نے ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں اور اس دوڑ میں انہوں نے 2441 رنز بناتے ہوئے ساتھی اوپنر روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جنہوں نے 97 مقابلوںمیں 2434 رنز اسکور کئے ہیں۔ قبل ازیں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان کوئنٹن ڈی کاک نے 37 گیندوں میں 52 رنز بناتے ہوئے ٹیم کو بہترین شروعات فراہم کی لیکن ہندوستانی اسپنرس نے درمیانی اوورس میں مہمان ٹیم کو تیزی سے رنز بنانے کو روکا۔