کوہلی کوچ کے عہدہ پر روی شاستری کے خواہاں

   

ممبئی ۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کچھ اورہی چاہتے ہیں۔ ویسٹ انڈیزجانے سے پہلے کوہلی نے واضح طورپرکہا ہے کہ اگرروی شاستری ہیڈکوچ بنے رہے توانہیں اورٹیم کوبے حد خوشی ہوگی۔ کوہلی سے جب ہیڈ کوچ کے مسئلے پرسوال پوچھا گیا توانہوں نے کہا اگرکرکٹ صلاح کارکمیٹی میرا نظریہ جاننا چاہے گی تومیں ان سے بات کروں گا۔ روی شاستری کی سرپرستی میں ہم نے اچھی کارکردگی کی ہے۔ ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔ اگروہ کوچ بنے رہتے ہیں توہمیں خوشی ہوگی، لیکن مجھ سے اس موضوع پراب تک بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لئے ابھی تک مائک ہیسن، مہیلا جے وردھنے، روبن سنگھ درخواست دے چکے ہیں۔ وہیں روی شاستری کوانٹرویو میں سیدھے داخلہ ملے گا۔ ہندوستان کے سابق بیٹسمین پروین آمرے ٹیم کے بیٹنگ کوچ بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ آنجہانی رماکانت آچریکرسے کرکٹ کا سبق سیکھنے والے آمرے کی قیادت میں ممبئی نے رانجی ٹرافی خطاب جیتا۔ وہ ابھی امریکی کرکٹ کے ساتھ بیٹنگ مشیر ہیں۔ بی سی سی آئی نے چیف کوچ، بیٹنگ کوچ اوربولنگ کوچ سمیت دیگرعہدوں کے لئے درخواست طلب کئے ہیں، جس کے لئے میعاد 30 جولائی تک ہے۔ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اورآرشری دھرکا معاہدہ بھی ویسٹ انڈیزدورے کے بعد ختم ہوجائے گا۔ ہندوستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی دوڑمیں جونٹی روڈس سب سے آگے ہیں۔ روڈس آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں۔