ویلنگٹن ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی اور ٹسٹ ٹیم کے کلیدی کھلاڑی تصور کئے جانے والے چیٹیشور پجارا کو کریئر کے ابتدائی مرحلہ میں ہی آؤٹ کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کے درازقد فاسٹ بولر کائل جیمی سن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ٹسٹ کے ابتدائی مرحلہ میں ہی حریف ٹیم کے دو اہم بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنا مانو جیسے خواب کی تعبیر ہوگئی ہو۔ جیمی سن نے کہا کہ گذشتہ چند ہفتے میرے لئے یقیناً یادگار ثابت ہورہے ہیں۔ جیمی سن جنہوں نے ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز میں اپنے بین الاقوامی کریئر کا نہ صرف آغاز کیا بلکہ ونڈے سیریز میں بھی شاندار اور یادگار مظاہرہ کیا جبکہ ٹیم نے سیریز میں 3-0 کی کامیابی حاصل کی تھی۔ ٹسٹ کریئر میں بھی انہوں نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی دن 38 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم پہلے ٹسٹ کے پہلے دن 122/5 کی نازک صورتحال سے پریشان ہے۔ اپنے پہلے دن کے مظاہروں پر اظہارخیال کرتے ہوئے جیمی سن نے کہا کہ کریئر کا آغاز شاندار طریقہ سے ہوا ہے جیسے کوئی خواب شرمندہ تعبیر ہوچکا ہے۔ دوسری جانب نوجوان فاسٹ بولر کے والد مائیکل نے کہا ہیکہ انہیں اس بات کی امید تھی کہ عنقریب ان کا باصلاحیت بیٹا مشہور کھلاڑی ہوگا۔