کوہلی کو دباؤ میں غلطی کرنے پر مجبور کرنا اطمینان بخش : بولٹ

   

Ferty9 Clinic

کرائسٹ چرچ ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو دو مقابلوں کی ٹسٹ سیریز میں مکمل ناکام کرنے پر جہاں نیوزی لینڈ کی ٹیم مسرور ہیں وہیں ٹیم کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے کہا ہیکہ کوہلی کو دباؤ میں غلطی کرنے پر مجبور کرنا اطمینان بخش نتیجہ ہے۔ ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی شکست ہوئی ہے اور مقابلہ کی چاروں اننگز میں کوہلی خاطرخواہ مظاہرہ نہیں کر پائے جبکہ مکمل دورہ نیوزی لینڈ میں کوہلی صرف ایک نصف سنچری بنا پائے تھے۔ میزبان ٹیم نے انڈیا کے نمبر ایک بیٹسمین کو سیریز کے دوران مکمل خاموش کرنے پر مجبور کیا۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے بولٹ نے کہا کہ کوہلی دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں اس میں کوئی شک نہیں لیکن انہیں دباؤ کے ماحول میں غلطی کرنے پر مجبور کرنا اطمینان بخش نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوہلی کے خلاف ٹیم کا منصوبہ دباؤ بنانے کا تھا اور انہیں باونڈریز کیلئے آسان گیندیں فراہم نہ کرتے ہوئے ان پر رنز آسانی سے نہ بننے دینے کے دباؤکی حکمت عملی نے بہتر نتائج فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سازگار وکٹوں کا میزبان بولروں نے بہتر فائدہ اٹھایا۔