کوہلی کو دھمکی کا معاملہ، ویمنس کمیشن کی پولیس کو نوٹس

   

نئی دہلی: دہلی خواتین کمیشن نے انڈین کرکٹ کپتان وراٹ کوہلی کی بیٹی کو ملی عصمت دری کی دھمکی کے معاملے میں منگل کو دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا۔دہلی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے ٹویٹ کرکے اس شرمناک واقعہ کی سخت مذمت کی۔ اس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ‘‘یہ وقت ٹیم کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے نہ کہ ان کے خلاف۔ ہندوستان ،پاکستان سے ہارنے کے باوجود کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ایسا سلوک انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے ۔ مجھے یہ جان کر بہت افسوس ہوا کہ وراٹ کوہلی کی نو ماہ کی بچی کو آن لائن عصمت دری کی دھمکیاں ملی ہیں۔ میں نے ایک نوٹس جاری کر کے اس معاملے میں فوری ایف آئی آر درج کرنے اور ملزمان کو ڈھونڈکر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایسے لوگوں کو سبق سکھانا معاشرے کے مفاد کے لیے بہت ضروری ہے ۔کمیشن نے اس سلسلے میں مسلسل میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیا اور پولیس سے کہا کہ وہ جلد از جلد وراٹ کوہلی کی نو ماہ کی بیٹی کو عصمت دری کی دھمکیاں دینے والوں کو پکڑے اور اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرے ۔ یہ معاملہ ہندوستان کے پاکستان کے خلاف حالیہ کرکٹ میچ میں ہارنے کے بعد شروع ہوا اور وراٹ کوہلی نے اپنے ساتھی اور بھارتی بولر محمد شامی کی حمایت کی، جن پر ان کے مذہب کی وجہ سے حملہ اور ٹرول کیا جا رہا تھا۔