دبئی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ بیٹر ویراٹ کوہلی حال ہی میں پاکستان کے خلاف سنچری بنا کر فارم میں واپس آئے ہیں۔ ویراٹ کوہلی ونڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بھی ہیں۔ اب ان کی نظریں ایسے ریکارڈ پر ہیں جو کرکٹ کی دنیا میں آج تک کوئی بیٹر نہیں بنا سکا۔ یہ عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے ویراٹ کوہلی کو ونڈے میں مزید ایک سنچری درکار ہے۔ کوہلی کی نظریں چمپئنز ٹرافی کے دوران ہی یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے پر ہوں گی۔ کوہلی اپنی شاندار بیٹنگ سے کرکٹ کی دنیا میں ایک اور اہم سنگ میل حاصل کرنے کے قریب ہیں۔ وہ ونڈے کرکٹ میں 52 سنچریاں بنانے سے صرف ایک سنچری دورہیں، اگر ویراٹ ایسا کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ کرکٹ کے کسی ایک فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بن جائیں گے۔ فی الحال وہ سچن تنڈولکر کے برابر ہیں۔ سچن تنڈولکر نے ٹسٹ میں51 سنچریاں اسکور کیں۔کوہلی کو اس فہرست میں پہلے آنے کے لیے صرف ایک سنچری کی ضرورت ہے۔کوہلی نے اپنے ونڈے کیریئر کا آغاز 2008 میں کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ بیٹرس کی فہرست میں ایک مضبوط مقام بنا چکے ہیں۔ کوہلی نے 2010 میں سنچریاں بنانا شروع کیں اور اس کے بعد سے وہ کئی بار یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔ کوہلی نے اس فارمیٹ میں مسلسل رنز بنائے ہیں جس کی وجہ سے وہ عالمی کرکٹ کے بہترین بیٹرس میں سے ایک ہیں۔ کوہلی کا ونڈے کرکٹ میں سنچریاں بنانے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔کوہلی نے پاکستان کے خلاف 111 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 100 رنزکی شاندار اننگز کھیلی۔ اس دوران انہوں نے 7 چوکے لگائے۔یادرہے کہ کوہلی نے پہلی بار سال 2009 میں چمپئنز ٹرافی کھیلی تھی لیکن یہ پہلا موقع تھا جب کوہلی نے اس ٹورنمنٹ میں سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ ہی یہ ان کی بین الاقوامی کرکٹ میں 82 ویں سنچری ہے۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے معاملے میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ سچن تنڈولکر 100 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، امید کی جارہی ہے کہ کوہلی اس ریکارڈ کو بھی اپنے نام کرلیں گے ۔