نئی دہلی: ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو مفادات کے تصادم سے متعلق تحقیقات کا سامنا ہے جنہوں نے دو تجارتی منصوبوں میں عہدے سنبھال رکھے ہیں اور مدھیہ پردیش کرکٹ اسوسی ایشن کے تاحیات رکن سنجیو گپتا نے کپتان کوہلی کیخلاف ایک سے زائد عہدوں کی شکایت درج کرائی ہے۔ سنجیو گپتا نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ کوہلی کے ایک سے زائد عہدے بی سی سی آئی رولز38کی شق نمبر چار کی صریح خلاف ورزی ہیں جس کی منظوری سپریم کورٹ بھی دے چکی ہے کہ کوئی بھی فرد بہ یک وقت دو عہدوں پر فائز نہیں رہ سکتا لہٰذا انہیں ایک عہدہ چھوڑنا پڑے گا۔سنجیو گپتا نے اس حوالے سے بورڈ کے ایتھکس آفیسر اور محتسب جسٹس ریٹائرڈ ڈی کے جین،صدر بی سی سی آئی سورو گنگولی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر راہول جوہری سمیت دیگر ایگزیکٹوز کو بھی ای میل ارسال کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا ہے۔جسٹس ریٹائرڈ ڈی کے جین نے تصدیق کی کہ انہیں شکایت موصول ہوئی ہے جس کا جائزہ لینے پر واضح ہوسکے گا کہ اس پر کوئی مقدمہ بن سکتا ہے یا نہیں اوراگر شواہد کوہلی کیخلاف ہوئے تو انہیں جواب دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔واضح رہے کہ سنجیو گپتا ماضی میں سچن تنڈولکر،وینکٹ لکشمن اور راہول ڈراویڈ کیخلاف بھی مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق شکایات درج کروا چکے ہیں جن کو نوٹسز ارسال کئے گئے لیکن انہیں کلین چٹ دی تھی ۔