نئی دہلی۔18 فروری(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی آئی سی سی کی جاری کردہ تازہ ترین ٹی 20 بین الاقوامی درجہ بندی میں بیٹسمینوںکی فہرست میں 10 ویں مقام پر کھسک گئے لیکن لوکیش راہول اور روہت شرما بالترتیب دوسرے اور11 ویں مقام پر برقرار ہیں۔کوہلی (673 نشانات) کو ایک مقام کا نقصان اٹھانا پڑا ہے کیونکہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کی 2-1 کی فتح کے دوران دو نصف سنچری کی مدد سے 136 رن بنانے والے کپتان مورگن 687 نشانات کے ساتھ نویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ روہت بیٹنگ کی درجہ بندی میں 662 پوائنٹس کے ساتھ 11 ویں نمبر پر ہیں۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم اس فہرست میں بدستور پہلے مقام پر ہیں۔اعظم کے 879 پوائنٹس ہیں۔راہول 823 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔بولنگ فہرست میں ہندوستان کے جسپریت بمراہ ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر شیلڈن جیکسن کے ساتھ مشترکہ 12 ویں مقام پر ہیں۔جنوبی افریقہ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر تبریزشمسی نو مقام کی چھلانگ کے ساتھ ٹاپ10 میں شامل ہو گئے ہیں۔وہ آٹھویں نمبر پر ہیں۔انگلینڈ کے اسپنر عادل رشید جنوبی افریقہ کے ایڈلے فیہلکوایوکو پچھاڑکر چھٹے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔