کوہلی کی تصویر نے سبکدوشی کی خبروں کو ہوا دی

   

لندن ۔ 8 اگست ( ایجنسیز) ہندوستانی ٹیم کے تجربہ کار بیٹر اورسابق کپتان ویراٹ کوہلی کی بین الاقوامی کرکٹ میں کارکردگی بہت اچھی رہی ہے اور پوری دنیا میں ان کی مداحوں کی تعداد کروڑوںمیں ہے ۔ حال ہی میں ویراٹ کوہلی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔ اس تصویر کو دیکھنے کے بعد مداح بھی کافی حیران ہیں۔ تمام شائقین کے ذہنوں میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا اسٹار کھلاڑی اب ونڈے کرکٹ سے بھی سبکدوش ہونے والے ہیں؟ ویراٹ کوہلی کی یہ تصویر لندن کی ہے اور انہوں نے اسے شش پٹیل کے ساتھ کلک کیا ہے۔ اس تصویر میں ویراٹ کوہلی کی داڑھی کا رنگ سفید نظرآرہا ہے جس پر لوگوں نے کافی تبصرے کیے ہیں۔ ویراٹ کوہلی اس وقت36 سال کے ہیں اور مداحوں کے ذہنوں میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا اب وہ ونڈے کرکٹ سے بھی سبکدوش ہوجائیں گے؟ حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز سے قبل تجربہ کارکوہلی نے ٹسٹ فارمیٹ سے سبکدوشی اختیار کرلی ہے ۔ یہی نہیں انہوں نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے اختتام کے بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کو بھی الوداع کہہ دیا۔ویراٹ کوہلی صرف ونڈے کرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ یوراج سنگھ نے ایک تقریب کی میزبانی کی تھی جس میں ویراٹ کوہلی بھی نظر آئے۔ اس تقریب میں انہوں نے اپنی داڑھی کے متعلق بڑا بیان دیا۔ کوہلی نے کہا کہ میں نے اپنی داڑھی کو دو دن پہلے ہی رنگ کیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ میں ہر چار دن بعد داڑھی کو رنگ کردوں۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔ سب کو یقین تھا کہ وہ اپنے مضحکہ خیز بیان کے پیچھے حقیقت چھپا رہے ہیں۔ ویراٹ کوہلی کو آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز میں ٹیم انڈیا کے لیے کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے آخری بار ٹیم انڈیاکے لیے چمپئنزٹرافی2025 میں حصہ لیا تھا۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ونڈے اور پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریزکھیلنی ہے جو کہ 19 اکتوبر کو شروع ہو رہی ہے۔ تمام کرکٹ شائقین کو اس ونڈے سیریز میں ویراٹ کوہلی سے کافی امیدیں وابستہ ہوں گی۔یادرہے کہ انگلینڈ کے دورہ ہند سے قبل اچانک کوہلی نے ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا تھا ۔