پونے ۔ 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی ریکارڈ ڈبل سنچری کے ذریعہ جہاں ہندوستان نے یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز 601/5 پر ختم کرنے کا اعلان کرنے کے علاوہ دن کے اختتام تک مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کو 15 اوورس کے کھیل کے بعد 36/3 تک محدود کرتے ہوئے اسے پریشان کن صورتحال میں پہنچا دیا ہے۔ دن کے اختتام پر ڈی بوریان اور نارٹ جے وکٹ پر موجود ہیں جنہوں نے بالترتیب 8 اور 2 رنز بنا لئے ہیں۔ آوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں دونوں اوپنرس ڈین ایلگر (6) اور ایڈریان مارکرام (0) کے علاوہ بووما (8) شامل ہیں۔ تینوں ہی مہمان ٹیم کے اہم ترین بیٹسمین تصور کئے جاتے ہیں جنہیں اومیش یادو اور محمد سمیع نے ابتدائی اوورس میں ہی پویلین کی راہ دکھادی۔ اومیش یادو نے 4 اوورس میں 16 رنز کے عوض2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ محمد سمیع نے اپنی 3 اوورس کی بولنگ میں 3 رنز دیتے ہوئے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ قبل ازیں ہندوستان نے اپنے کل کے اسکور 273/3 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور دن کے اصل ہیرو کپتان ویراٹ کوہلی ثابت ہوئے۔ کوہلی نے 336 گیندوں میں 33 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 254 رنز اسکور کئے۔ اس ریکارڈ ساز سنچری کی بدولت کوہلی نے سابق لیجنڈ کھلاڑی سچن تنڈولکر اور ویریندر سہواگ کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کوہلی نے اپنے ٹسٹ کریئر میں ساتویں ڈبل سنچری اسکور کی ہے۔ کوہلی کی یہ 26 ویں ٹسٹ سنچری ہے جبکہ مجموعی طور پر یہ ان کی 69 ویں بین الاقوامی سنچری بھی ہے جس کے ذریعہ انہوں نے براڈمین کا بھی ریکارڈ توڑا ہے۔ براڈمین نے 8 مرتبہ 150 تا 199 رنز کی اننگز کھیلی ہے جبکہ ان کے نام 12 ڈبل سنچریاں اسکور ہیں۔ دوسری جانب کوہلی نے اپنی ڈبل سنچری کے دوران آسٹریلیائی کپتان رکی پونٹنگ کا ریکارڈ بھی برابرکرلیا ہے جیسا کہ بحیثیت کپتان زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ ان کے نام تھا۔ کوہلی نے اپنی 26 ویں سنچری اسکور کرلی ہے اور اس طرح وہ بحیثیت کپتان سنچریاں اسکور کرنے کی فہرست میں دوسرے مقام پر آ گئے ہیں جبکہ اس فہرست میں 25 سنچریوں کے ساتھ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گرائم اسمتھ پہلے مقام پر فائز ہیں۔ رواں برس کوہلی کی یہ پہلی سنچری ہے حالانکہ انہوں نے 2019ء میں کھیلے گئے ٹسٹ مقابلوں کے دوران 8 اننگز میں 2 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ کوہلی نے جہاں ہندوستان کیلئے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا وہیں جنوبی افریقہ نے نہ صرف کیاچ چھوڑے بلکہ مستقل ناقص فیلڈنگ کرنے کے علاوہ اوورتھروس میں بھی رنز دیئے جبکہ اس کے فاسٹ بولروں نے 11 نو بال بھی ڈالتے ہوئے ناقص بولنگ کا مظاہرہ کیا ۔ کوہلی کے علاوہ رویندر جڈیجہ نے بھی 104 گیندوں میں 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 91 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اجنکیا راہنے نے 168 گیندوں میں 59 رنز بنائے۔ کوہلی اور جڈیجہ کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے 225 رنز کی شاندار پارٹنر شپ رہی اور اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے تیزی سے رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کیلئے گذشتہ روز فاسٹ بولر ربادا تین وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر رہے تھے لیکن آج انہیں ایک بھی وکٹ نہیں ملی جبکہ ٹیم کے اہم اسپنر کیشو مہاراج 50 اوورس میں 196 رنز دیکر صرف ایک وکٹ حاصل کرپائے۔