کوہلی کی نمبر ایک مقام پر واپسی

   

دبئی ۔4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میںہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے آسٹریلیائی سابق کپتان اسٹیو اسمتھ سے پہلا مقام چھین لیا ہے۔ نیوزی اور انگلینڈ کے درمیان منعقدہ 2 مقابلوں کی ٹسٹ سیریز جس میں نیوزی لینڈ نے 1-0 سے سیریز اپنے نام کرلی ، اس کے اختتام پر نئی درجہ بندی جاری کی گئی ہے ۔کوہلی جنہوں نے کولکتہ میں بنگلہ دیش کے خلاف منعقدہ ڈے نائیٹ ٹسٹ میں شاندار 136 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ پاکستان کے خلاف ایڈیلڈ میں منعقدہ ڈے نائیک ٹسٹ میں اسمتھ صرف 36 رنز اسکور کرپائے تھے جس کی وجہ سے کوہلی درجہ بندی میں اسمتھ سے پہلا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ کوہلی گزشتہ ہفتہ 928 نشانات پر موجود تھے اور انہیں اسمتھ کو پیچھے کرنے کیلئے 5 نشانات درکار تھے لیکن اسمتھ کی ناکامی نے انہیں 931 نشانات سے تنزلی کے بعد 930 نشانات پر پہونچادیا ہے جس سے اب انہیں دوسرے مقام پر اکتفا کرنا پڑرہا ہے ۔ علاوہ ازیں چیٹیشور پجارا اپنا چوتھا مقام برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے لیکن اجنکیا راہانے تازہ ترین درجہ بندی میں تنزلی کے بعد چھٹویں مقام پر پہونچ چکے ہیں ۔ بولروں میں ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمرا ہ بدستور پانچویں مقام پر فائز ہیں جبکہ روی چندرن اشون نواں مقام برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ آسٹریلیائی فاسٹ بولر مچل اسٹارک پاکستان کے خلاف شاندار مظاہروں کے ذریعہ 4 مقامات کی چھلانگ کے بعد 14 ویں مقام پر پہونچ چکے ہیں ۔ پاکستانی میڈل آرڈر بیاٹسمین بابراعظم دو مقامات کی ترقی کے بعد 13 ویں مقام پر پہونچ چکے ہیں۔