کوہلی کی 40 ویں سنچری ، ہندوستان 250 رنز پر ڈھیر

   

ناگپور۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے اپنے کریر کی 40 ویں سنچری اسکور کرلی ہے تاہم آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ونڈے میں یہاں بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد سست وکٹ پر ہندوستانی ٹیم مقررہ 50 اوورس بیٹنگ نہیں کرپائی اور 48.2 اوورس میں میزبان ٹیم 250 رنز اسکور کرپائی۔ 46 تا 49 اوورس کے دوران ہندوستانی ٹیم نے اپنے آخری 4 وکٹس 14 رنز پر گنوا دیئے۔ جس میں سنچری بنانے والے ویراٹ کوہلی کی وکٹ بھی شامل رہی۔ کوہلی نے پہلے ہی اوور میں روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد میدان سنبھالتے ہوئے 120 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 116 رنز اسکور کئے۔ کوہلی نے پہلے شکھر دھون کے ساتھ 38 ، پھر امباٹی رائیڈو کے ساتھ 37 ، وجئے شنکر کے ساتھ 81 رنز کے بعد 7 ویں وکٹ کیلئے رویندر جڈیجہ کے ساتھ 67 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو ایک سرے سے وکٹ کے زوال کے باوجود بہتر اسکور تک پہنچایا۔ کوہلی کے بعد دوسرا اعظم ترین اسکور وجئے شنکر نے بنایا جنہوں نے 46 رنز کی مختصر اننگز کے دوران چند بہترین اسٹروکس کھیلے ۔ 41 گیندوں پر مشتمل اس اننگز میں انہوں نے 5 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ رویندر جڈیجہ اور دھون فی کس 21 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے جبکہ امباٹی رائیڈو 18 اور کیدار جئے دیو نے 11 رنز کی اننگز کھیلی ۔ آسٹریلیائی اسپنر ایڈم زمپا نے 33 ویں اوور میں پہلے جئے دیو کو آؤٹ کرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر دھونی کو آؤٹ کرتے ہوئے ہندوستان کو یکے بعد دیگرے دو بڑے جھٹکے دیئے۔ آسٹریلیا کے لئے فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے کامیاب بولنگ کرتے ہوئے 9 اوورس میں 29 اوورس کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ زمپا کو 62 رنز کے عوض 2 و کٹیں ملیں ۔ ٹیم میں شامل کئے گئے دوسرے ماہر اسپنر نیتھن لائن نے 10 اوورس میں 42 اور میکس ویل نے 10 اوورس میں 45 رنز کے عوض فی کس ایک وکٹ لی۔