احمدآباد : ہندوستان کے اسٹار بیٹر ویراٹ کوہلی نے بالآخر احمد آباد ونڈے میں شائقین کا انتظار ختم کیا۔کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میں شانداربیٹنگ کی اور نصف سنچری بنائی۔ دائیں ہاتھ کے کوہلی نے55 گیندوں پر52 رنزکی اننگز کھیلی۔ ویرات کے لیے 52 رنز کوئی بڑا نمبر نہیں ہے لیکن جس وقت کے بعد یہ نصف سنچری ان کے بیٹ سے آئی اس کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ کوہلی نے احمد آباد میں7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری بنائی اور انہوں نے451 دن بعد ونڈے میں نصف سنچری بنائی۔ کوہلی دوسرے اوور میں ہی کریز پر آئے۔ احمد آباد میں ہندوستانی کپتان روہت شرما صرف ایک رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو ئے۔ اس کے بعد مارک ووڈ نے کوہلی کو کافی پریشان کیا لیکن اس کھلاڑی نے صبر سے بیٹنگ کی۔ نظریں جم جانے کے بعد کوہلی نے اپنے شاٹس کھیلے۔ انہوں نے فلکس سے لے کرکور ڈرائیوز تک سب کچھ کھیلا اور کھلاڑی شوبھمن گل کے ساتھ 96گیندوں میں سنچری شراکت بنانے میں کامیاب رہے۔ اس کے ساتھ ہی کوہلی نے 50 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ کوہلی نصف سنچری بنانے کے بعد آرام دہ محسوس ہورہے تھے۔ ونڈے کرکٹ میں جب وہ نظریں جمالیتے ہیں تو ان کے بیٹ سے ایک بڑی اننگز نکلتی ہے لیکن احمد آباد میں وہ اس سے محروم رہ گئے۔ عادل رشیدکی شاندار لیگ اسپن کی وجہ سے کوہلی کو پویلین لوٹنا پڑا۔ کوہلی 10 میچوں میں پانچویں بار عادل رشید کا شکار ہوئے۔ تاہم اتنے برے فام کے بعد کوہلی کے بیٹ سے رنز آنا ٹیم انڈیا کے لیے اچھی خبر ہے۔ خاص طور پر جب چمپئنز ٹرافی شروع ہونے والی ہے۔کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹسٹ میں پچاس سے زائد رنزکی آخری اننگز کھیلی تھی جس کے بعد وہ اگلی دس اننگز میں پچاس رنز تک نہیں پہنچ پائے تھے لیکن احمد آباد میں اس نے اس ناکامی کو ختم کردیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے احمد آباد ونڈے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 356 رنز اسکورکئے ہیں ۔گل نے 112 اور شریاس نے 78 رنز کی اننگز کھیلی ۔دوسری جانب عادل رشید نے 10 اوورس میں 64 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔