کوہلی کی 87 سالہ خاتون سے ملاقات،ورلڈ کپ کا یادگارلمحہ

   

برمنگھم ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی87 سالہ کرکٹ کی مداح خاتون کے دیوانے ہوگئے۔ ورلڈ کپ 2019 میں جہاں سیمی فائنل کی دوڑ جاری ہے وہیں کرکٹ کے دیوانوںکا جوش بھی عروج پر ہے۔ ایونٹ کے 40 ویں میچ میں برمنگھم کے میدان میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے میچ کے دوران بھی کرکٹ کی مداح 87 سالہ ہندوستانی ضعیف خاتون اپنی ٹیم کو حمایت کرنے پہنچی ہوئی تھیں۔کرکٹ کی مداح چارلاتا پٹیل نے چہرے پر ہندوستانی جھنڈا پینٹ کیا ہوا تھا اور ہندوستانی اننگز کے دوران ہاتھ میں غبارے والی سیٹی بجا کر ہندوستانی ٹیم کا حوصلہ بلندکر رہی تھیں۔ اپنی غیر معمولی حمایت سے خاتون نے ویراٹ کوہلی کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروائی۔ میچ جیتنے کے بعد کپتان کوہلی نے ٹوئٹراور انسٹا گرام پر معمر ترین خاتون کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں اپنے چاہنے والوں کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خصوصی طور پر 87سالہ خاتون کا تذکرہ بھی کیا۔ کوہلی کی معمر خاتون کے ساتھ ا نسٹا گرام پر شیئر کی گئی تصویر کو بالی ووڈ فنکاروں نے بھی پسند کیا۔ انوشکا شرما ،رنویر سنگھ ،کرن واہی اورایشا گپتا نے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ ٹی وی اسکرین پر آتے ہی معمر خاتون کاکرکٹ کے لئے جوش و خروش انٹرنیٹ پر تیزی سے مقبو ل ہورہا ہے۔میچ کے اختتام پردیگر ہندوستانی کرکٹرز نے خاتون سے خصوصی ملاقات بھی کی۔ یاد رہیکہ بنگلہ دیش کے خلاف 28 رنز سے میچ جیتنے کے بعد ہندوستان کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔