پالی کیلے ۔ ویراٹ کوہلی سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز میں 1000 رنز کا ہندسہ عبور کرسکتے ہیں۔ یہاں 1000 رنزکا مطلب ہے کہ انہوں نے ونڈے میں سری لنکا کے خلاف بنائے گئے رنز کی تعداد ہے ۔ کوہلی اس وقت سری لنکا کے خلاف 22 ونڈے میچوں میں865 رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے یہ رنز4 سنچریوں اور50.88 کی اوسط سے بنائے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف ونڈے میں 1000 رنز مکمل کرنے کے لیے کوہلی کو3 ونڈے مقابلوں کی سیریز میں 135 رنزکی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں کوہلی کو سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز میں سکسر کنگ بننے کا بھی موقع ملے گا۔ درحقیقت وہ بین الاقوامی کرکٹ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر بننے سے صرف 3 چھکے دور ہیں۔ اس وقت کوہلی کے نام 214 چھکے ہیں اور وہ رکی پونٹنگ کے217 چھکوں کے ریکارڈ کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ اب اگر کوہلی سری لنکا کے خلاف 3 ونڈے میچوں میں 4 چھکے لگاتے ہیں تو وہ بین الاقوامی کرکٹ میں نمبر 3 بیٹرس کی فہرست میں سکسرکنگ بن سکتے ہیں۔