دبئی ۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے 2017 کی فارم کو جاری رکھتے ہوئے 2018 میں بھی عمدہ کھیل پیش کیا جس کی مدد سے انہوں نے نہ صرف ہندوستان کو پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں ٹسٹ سیریز جیتنے کا کارنامہ انجام دیا بلکہ آئی سی سی ایوارڈز پر بھی اپنا نام درج کروادیا۔ کوہلی کی گزشتہ 12 ماہ کی بہترین کارکردگی پر سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ’سر گارفلیڈ سوبرز ٹرافی‘ دیا گیا۔ کوہلی نے سفید لباس میں 2018 کے دوران 5 سنچریوں اور 5 نصف سنچریوں کی مدد سے 1122 رنز اسکور کیے۔اسی طرح آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی نے ٹیسٹ اور ون ڈے کا پلیئر آف دی ایر کے لیے بھی کوہلی کا ہی انتخاب کیا۔ایشیا کپ 2018 میں شرکت نہ کرنے والے کوہلی نے ٹسٹ کے مقابلے میں ونڈے میں زیادہ بہتر کھیل پیش کیا اور ایک سال کے دوران صرف 14 میچز کھیل کر 133.55 کی شاندار اوسط سے 6 سنچریوں کی بدولت ایک 1202 رنز اسکور کیے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کا ایوارڈز جیتنے کا سلسلہ یہیں نہیں تھما بلکہ وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پَنت سال کے بہترین ابھرتے ہوئی کھلاڑی قرار پائے۔ اسی طرح اسوسی ایٹس ٹیموں میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اسکاٹ لینڈ کے کیلم میک لائیڈ کے نام رہا جنہوں نے انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف ون ڈے میچز میں اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ سال کے بہترین امپائر کے شعبے میں ایک مرتبہ پھر ووٹنگ اکیڈمی نے سری لنکا کے کمار دھرما سینا کا انتخاب کیا جس کے ساتھ ہی مسلسل دوسری مرتبہ یہ ایوارڈ ان کے نام رہا۔ زمبابوے میں ہونے والی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران میزبان ملک کے خلاف آسٹریلیائی اوپنر ایرون فنچ کی 172 رنز کی ریکارڈ توڑ اننگز ٹی ٹوئٹی کی بہترین اننگز قرار پائی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان بھی ایوارڈز کی فہرست میں اپنا نام درج کروانے میں کامیاب ہوگئے اور انہیں آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹسٹ اور ونڈے کرکٹ آف دی ایر کا اعلان کردیا اور دونوں ہی ٹیموں کا کپتان ویراٹ کوہلی کو مقرر کیا گیا جبکہ پاکستان کی جانب سے صرف محمد عباس واحد کھلاڑی ہیں، جو ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔دیگر کھلاڑیوں میں رشبھ بینٹ اور جسپریت بمرا، نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھ، کین ولیمسن اور ہینری نکولس، سری لنکا کے دیمتھ کرونارتنے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر، جنوبی افریقہ کے کیجی ربادا اور آسٹریلیا کے نیتھ لیون شامل ہیں۔ علاوہ ازیں آئی سی سی کی جانب سے ونڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان بھی کیا گیا۔ ونڈے ٹیم آف دی ایر کے کپتان بھی کوہلی ہی ہیں جبکہ ہم وطن روہت شرما، کلدیپ یادیو، جسپریت بمرا بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو، جو روٹ، جوس بٹلر، بین اسٹوکس، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن اور افغانستان کے راشد خان شامل ہیں۔سال کی بہترین ٹسٹ اور ونڈے ٹیم کے کپتان کوہلی نے اس موقع پر کہا کہ انہیں سال کی بہترین ٹیموں میں کپتان بنائے جانے پر خوشی ہے۔ یہ سال میرے لیے بہترین رہا ہے، میں نے ہمیشہ ہی اپنا روایتی اور بہتر کھیل پیش کرنیکی کوشش کی، جس کے نتائج میرے سامنے ہیں۔انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے کہا کہ سال کی بہترین ونڈے ٹیم میں انہیں شامل کیا گیا جو اعزاز ہے۔ کین ولیمسن نے کہا اپنے اور اپنے ساتھیوں کے نام ٹسٹ اور ونڈے ٹیم آف دی ایر میں شامل ہونے کو اعزاز قرار دے دیا۔