کوہلی کے نقش قدم پر چل کر بابر نے کپتانی چھوڑ دی

   

کراچی ۔ بابر اعظم ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی چھوڑ چکے ہیں۔ بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا لیکن یہاں سوال یہ ہے کہ بابر اعظم نے کپتانی کیوں چھوڑی؟ پی سی بی نے بابر اعظم کو کپتانی چھوڑنے کی ہدایت بھی نہیں دی۔ اطلاعات ہیں کہ چمپئنز ٹرافی تک بابر اعظم کوکپتان برقرار رکھنے کی بات ہوئی لیکن اس کے باوجودکھلاڑی نے کپتانی چھوڑ دی۔ تاہم پاکستانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بابر اعظم کی کپتانی چھوڑنے کی بڑی وجہ ویراٹ کوہلی ہیں۔ پاکستانی صحافی ارفع فیروز جیک کا دعویٰ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں عبرتناک شکست کے بعد بابر اعظم کافی دباؤ میں تھے اور یہی ان کی کپتانی چھوڑنے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ تاہم اس صحافی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بابر اعظم کو ان کے قریبی دوستوں نے کوہلی کی مثال دے کر کپتانی چھوڑنے پر آمادہ کیا۔ جس طرح ویراٹ کوہلی نے 2021 میں ٹیم انڈیا کی کپتانی چھوڑی تھی، اسی طرح بابر اعظم نے بھی یہ فیصلہ لیا ہے اور اب وہ اپنے کھیل پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔