ممبئی ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم جس نے ونڈے میں نئے تجربہ کے ساتھ نئے سال کا آغاز کیا جیسا کہ آسٹریلیا کے خلاف یہاں کھیلے گئے تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کے پہلے مقابلہ میں ویراٹ کوہلی نے روہت شرما، شکھردھون اور کے ایل راہول تینوں اوپنرس کو قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کرنے کی غرض سے نیا تجربہ کرتے ہوئے خود روایتی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے بجائے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کی لیکن آسٹریلیائی بولروں کی کفایتی بولنگ کے خلاف یہ تجربہ ناکام رہا اور بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد ہندوستانی ٹیم 49.1 اوورس میں 255 رنز ہی بنا پائی۔ ٹاس ہارنے کے بعد جب ہندوستانی ٹیم کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا گیا تو روہت شرما اور شکھردھون نے اننگز کا آغاز کیا۔ نیز پہلے ہی اوور میں مچل اسٹارک کو دو چوکے لگاتے ہوئے روہت شرما نے ایک بہترین شروعات کا اشارہ دیا لیکن اس کے بعد چند اوورس میں اسٹارک اور پیٹ کمنس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی اوپنرس کو محتاط کرکٹ کھیلنے پر مجبور کیا جس کا فائدہ یہ ہوا کہ مسلسل اوورس میں رنز تیزی سے نہ بننے کی وجہ سے روہت شرما اسٹارک کو بڑا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ جس وقت روہت شرما آؤٹ ہوئے اس وقت ہندوستانی ٹیم نے 4.3 اوورس میں صرف 13 رنز بنائے تھے۔ نمبر تین پر کوہلی کے بدل بیٹنگ کیلئے آئے کے ایل راہول اور شکھردھون نے دوسری وکٹ کیلئے مجموعی اسکور کو 134 رنز تک پہنچایا اور امید کی جارہی تھی کہ ہندوستانی ٹیم بڑا اسکور بنائے گی لیکن اس موقع پر کے ایل راہول 47 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد ایڈم زمپا نے اپنی ہی بولنگ پر ایک انتہائی تیز رفتار آتی گیند کو کیچ میں تبدیل کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کی اننگز کو 16 رنز پر ہی ختم کردیا۔ جس کے بعد ٹیم کیلئے سب سے زیادہ رنز بنانے والے شکھردھون بھی آوٹ ہوئے جنہوں نے 91 گیندوں میں 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 74 رنز بنائے۔ سریاش ایئر چار رنز ہی بنائے پائے جس کے بعد رشپھ پنت (28 ) اور رویندر جڈیجہ (25) نے ٹیم کو کسی قدر سہارا دیا لیکن ساری ٹیم 50 اوورس تک بھی وکٹ پر نہ ٹھہر پائی۔ آسٹریلیا کیلئے اسٹارک نے 56 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ کمنس 44 اور رچرڈسن 43 رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں آؤٹ کیا۔ اسپنرس زمپا اور اگر نے فی کس ایک وکٹ اپنے نام کی۔